واٹس ایپ میں بہت جلد لینڈ لائن نمبروں پر بھی فون کرنا ممکن ہوگا۔

جی ہاں واقعی واٹس ایپ میں ایسا ہونے والا ہے تاہم یہ واٹس ایپ کی نئی ایپ میں ممکن ہوسکے گا جو کہ اس اپلیکشن کے ریگولر ورژن سے مختلف ہوگی۔

درحقیقت واٹس ایپ بزنس کے نام سے ایک نئی ایپ تیار کی جارہی ہے جس کے متعدد فیچرز لیک ہوکر سامنے آگئے ہیں اور ان میں سب سے دلچسپ اور کارآمد ایپ کا لینڈ لائن نمبر سے منسلک ہونا ہے۔

مزید پڑھیں : واٹس ایپ میں یہ سبز ٹک کس لیے ہے؟

جو لوگ بھی اس نئی واٹس ایپ میں سائن اپ ہوں گے وہ واٹس ایپ بزنس اور ریگولر واٹس ایپ کو الگ الگ ایک ہی فون میں استعمال کرسکیں گے۔

اس سے لوگوں کے لیے اپنی نجی اور پروفیشنل زندگی کو الگ کرنا آسان ہوجائے گا۔

مگر اہم بات یہ ہے کہ واٹس ایپ بزنس ایپ کے ساتھ کمپنی کے لینڈ لائن نمبر کو منسلک کیا جاسکے گا اور اس طرح وہ اپنے نجی نمبر کو سیکڑوں یا ہزاروں اجنبیوں کے ہاتھوں میں جانے سے بھی روک سکیں گے۔

کمپنیوں کے صارفین کے پیغامات اور کالز لینڈ لائن نمبر تک رسائی حاصل کرسکیں گے مگر بزنس اکاﺅنٹ صارفین اپنے موبائل پر بھی انہیں دیکھ سکیں گے۔

واٹس ایپ اور واٹس ایپ بزنس کو الگ ثابت کرنے کے لیے اس نئی ایپ کا لوگو بھی کچھ مختلف ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : واٹس ایپ میں اب اشتہارات زیادہ دور نہیں

ویسے تو یہ نئی ایپ دوسری واٹس ایپ سے کافی ملتی جلتی ہوگی مگر اس میں دو اضافی سیکشن مینیو میں موجود ہوں گے اسٹیٹیکس اور بزنس سیٹنگز۔

اس نئی ایپ کی تیاری کا مقصد کاروباری افراد اور عام صارفین کے لیے اس پلیٹ فارم میں رابطوں کو آسان بنانا ہے۔

یہ نئی ایپ فی الحال صرف بیٹا ٹیسٹرز کو ہی دستیاب ہے مگر بہت جلد اسے متعارف کرا دیا جائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں