برطانوی شہزادی بننا اتنا آسان نہیں

برطانوی شہزادی بننا اتنا آسان نہیں



دنیا بھر کے کروڑوں لوگ ان دنوں حال ہی میں منگنی کرنے والے شہزادے ہیری اوران کی منگیتر امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی محبت اورآئندہ سال ان کی شادی سے متعلق بحث میں مصروف ہیں۔

عام لوگوں کا یہی خیال ہے کہ ان کی شادی ہوتے ہی ایک عام اداکارہ ’شہزادی‘ بن جائے گی، لیکن کیا واقعی ایک امریکی اداکارہ برطانیہ کی شہزادی بن جائے گی؟َ

عام طور پر دنیا بھر میں شادی کے بعد خاتون کو اپنے نام کے پیچھے اپنے شوہر کا نام لگانا پڑتا ہے، تاہم کچھ خواتین اس قید سے آزاد بھی ہوتی ہیں، لیکن دنیا کی زیادہ خواتین اپنے نام کے ساتھ شوہر یا شوہر کے خاندان، ذات یا قبیلے کا نام لگانے پر مجبور ہوجاتی ہیں۔

اگرچہ خاتون کی شادی کے بعد اپنے شوہر، اس کے خاندان، ذات یا قبیلے کا نام اپنے نام کے پیچھے لگانے پر صرف مسلمان خواتین کو تنقید کا نشانہ بنایا جاتا ہے، تاہم یہ روایات مغرب جیسے معاشروں میں بھی موجود ہیں۔

اگر پورے یورپ کو چھوڑ کر صرف برطانوی شاہی خاندان کی روایات کو ہی دیکھا جائے تو یہ واضح ہوگا کہ ایک خاتون کو شاہی خاندان کے کسی مرد کے ساتھ شادی کے بعد اپنے نام کے پیچھے شوہرکا نام یا اس کے خاندان کا نام لگانا کتنا ضروری ہے۔

امریکی اداکارہ کی برطانوی شہزادے سے 2018 میں شادی ہوگی—فوٹو: اے پی
امریکی اداکارہ کی برطانوی شہزادے سے 2018 میں شادی ہوگی—فوٹو: اے پی

گزشتہ ہفتے شہزادے ہیری کی 36 سالہ اداکارہ میگھن مارکل سے منگنی کے بعد سب سے زیادہ لوگوں کے ذہن میں یہی سوال ہے کہ امریکی اداکارہ شہزادی بن پائیں گی یا نہیں، اور اگر نہیں بن پائیں گی تو اس کی وجہ کیا ہے؟َ

اس سوال کا سب سے آسان جواب یہی ہے کہ میگھن مارکل برطانیہ کے شاہی خاندان سے تعلق نہیں رکھتیں۔

یعنی ان کی پیدائش شاہی خاندان میں نہیں ہوئی، اس لیے وہ خود کو شہزادی نہیں کہ سکتیں، یہاں تک لوگ بھی اس کے نام کے آگے شہزادی نہیں لگا سکتے۔

جس طرح ان سے قبل شہزادے ہیری کے بڑے بھائی شہزادے ولیم کی اہلیہ کیٹ مڈلٹن خود کو شہزادی نہیں کہ سکتیں، اور نہ ہی ان کے نام کے آگے شہزادی لگایا جاسکتا ہے، اسی طرح میگھن مارکل کے نام کے آگے بھی شہزادی کا نام نہیں لگایا جائے گا، بلکہ اسے ایک اعزازی شاہی نام دیا جائے گا۔

برطانوی نشریاتی ادارے بی بی سی کی رپورٹ کے مطابق شاہی خاندان کے خون سے تعلق نہ رکھنے کے باعث کیٹ مڈلٹن کی طرح میگھن مارکل کو بھی شہزادی کا لقب نہیں دیا جاسکتا، اور نہ ہی اس کے نام کے آگے شہزادی لگایا جاسکتا ہے۔

البتہ کیٹ مڈلٹن کی طرح انہیں بھی ایک شاہی نام دیا جائے گا، جس کے بعد وہ برطانوی شاہی خاندان کا حصہ تو بن جائیں گی، تاہم پھر بھی وہ براہ راست شہزادی نہیں بن پائیں گی، ہاں البتہ ان کے بچے شہزادے اور شہزادی کی حیثیت میں ہی پید اہوں گے۔

یعنی جس طرح کیٹ مڈلٹن کو’ڈچز آف کیمبرج‘ کا اعزاز دیا گیا ہے، اسی طرح میگھن مارکل کو بھی کوئی اعزاز دیا جائے گا۔

کیٹ مڈلٹن کو شادی کے بعد ڈچز آف کیمبرج کا اعزاز ملا—فائل فوٹو: اے پی
کیٹ مڈلٹن کو شادی کے بعد ڈچز آف کیمبرج کا اعزاز ملا—فائل فوٹو: اے پی

ممکنہ طور پر میگھن مارکل کو ’ڈچز آف سسیکس‘ یا ’پرنسز ہینری آف ویلز‘ کا خطاب دیا جائے گا۔

میگھن مارکل کو یہ خطاب اس وقت ہی دیا جائے گا، جب ان کے شوہر شہزادے ہیری کو ملکہ برطانیہ کوئی اعزازی نام دیں گی، اور شاہی خاندان کی روایات کے مطابق انہیں شادی کے بعد اعزازی نام دیا جائے گا۔

جس طرح شہزادے ہیری کے بڑے بھائی شہزادے ولیم کو 2011 میں شادی کے بعد ’ڈیوک آف کیمبرج‘ کا اعزازی نام دیا گیا تھا، اسی طرح ہیری کو بھی ’ڈیوک آف سسیکس‘ کا اعزازی نام دیے جانے کا امکان ہے۔

شہزادے ہیری کو ’ڈیوک آف سسیکس‘ کا خظاب ملنے کے بعد ان کی اہلیہ میگھن مارکل کو ’ڈچز آف سسیکس‘ کا خطاب ملنے کا امکان ہے۔

یہ بھی ممکن ہے کہ میگھن مارکل کو اپنی مرحومہ ساس لیڈی ڈیانا کی طرح ’پرنسز آف ویلز‘ سے ملتا جلتا اعزاز دیا جائے۔

ڈیانا شادی کے بعد پرنسز آف ویلز بنیں—فائل فوٹو: ڈیلی ٹیلی گراف
ڈیانا شادی کے بعد پرنسز آف ویلز بنیں—فائل فوٹو: ڈیلی ٹیلی گراف

خیال رہے کہ لیڈی ڈیانا کا شاہی نام ’پرنسز آف ویلز‘ تھا، کیوں کہ ان کے شوہر شہزادہ چارلس کا شاہی نام ’پرنس آف ویلز‘ تھا۔

قابل ذکر بات یہ ہے کہ شہزادہ یا شہزادی کہلانے کا حق صرف ان افراد کو دیا جاتا ہے جو اسی خاندان میں پیدا ہوئے ہوں۔

یعنی صرف وہی خواتین خود کو شہزادیاں اور مرد خود کو شہزادے کہلا سکتے ہیں جو اسی خاندان کے آباؤ اجداد کی اولاد ہوں۔

جس طرح شہزادہ ولیم، ان کا بھائی شہزادہ ہیری، ان کے والد شہزادہ چارلس، ملکہ برطانیہ کی بہن شہزادی اینا ہیں۔

اسی طرح شہزادہ ولیم کا بیٹا شہزادہ جارج، ان کی بیٹی شہزادہ شارلیٹ بھی پیدا ہوتے ہی شہزادے بن گئے۔

کیٹ مڈلٹن کے بچے شہزادے اور شہزادی کی حیثیت میں پیدا ہوئے—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا
کیٹ مڈلٹن کے بچے شہزادے اور شہزادی کی حیثیت میں پیدا ہوئے—فائل فوٹو: ٹائمز آف انڈیا

اسی فہرست میں ملکہ برطانیہ کی پوتیاں شہزادی بیٹرس اور شہزادی یوجینی سمیت ملکہ برطانیہ کی تین کزنز بھی شامل ہیں۔

برطانوی شاہی خاندان کی روایات کے مطابق ڈیانا کو شہزادی ڈیانا اور کیٹ مڈلٹن کو شہزادی مڈلٹن کہنا بھی غلط ہے، شاہی خاندان میں انہیں ان کے ملنے والے اعزازی ناموں سے پکارا جاتا ہے، یا ان کے ناموں کے آگے شاہی اعزازی نام لگایا جاتا ہے۔

برطانوی شاہی خاندان کی ایک ہزار سالہ روایات کے تحت کسی بھی غیر شاہی خاندان خاتون یا مرد کے نام سے پہلے شہزادہ یا شہزادی لگانا غلط ہے، یہ حق صرف شاہی خاندان کے بیتوں اور بیٹیوں کو حاصل ہے۔

یہ بھی اتفاق ہے کہ کیٹ مڈلٹن خود شہزادی نہیں، لیکن ان کا بیٹا اور بیٹی پیدا ہی شہزادے اور شہزادی کی حیثیت میں ہوئے۔

شاہی روایات کے مطابق غیر خاندان میں پیدا ہونے والے فرد کو شہزادہ یا شہزادی تسلیم نہیں کیا جاتا—فائل فوٹو: ہیلو میگزین
شاہی روایات کے مطابق غیر خاندان میں پیدا ہونے والے فرد کو شہزادہ یا شہزادی تسلیم نہیں کیا جاتا—فائل فوٹو: ہیلو میگزین