برطانوی شاہی شادی: یادگار عروسی جوڑے

برطانوی شاہی شادی: یادگار عروسی جوڑے


برطانوی شہزادے ہیری اور سابق امریکی اداکارہ میگھن مارکل کی شادی کا انتظار ان کے مداح اس وقت سے کررہے ہیں جب گزشتہ سال ان دونوں کی منگنی کا اعلان ہوا۔

اس دوران مداحوں کی زبان پر بس ایک ہی سوال تھا کہ میگھن مارکل کی منگنی کی انگوٹھی کیسی ہوگی، اور آج ہر کوئی یہی جاننا چاہتا ہے کہ میگھن مارکل اپنی شادی کے موقع پر کیسا عروسی جوڑا زیب تن کریں گی، اور اسے کس ڈیزائنر نے تیار کیا ہے؟

اب تک میگھن مارکل کے عروسی جوڑے کے حوالے سے نہ تو کوئی تصویر سامنے آئی اور نہ ہی اس کے ڈیزائنر کا نام بتایا گیا ہے۔

عروسی جوڑوں کی بات کی جائے تو برطانیہ کے شاہی خاندان کی تاریخ میں ہونے والی شادیوں میں شہزادیوں اور خواتین نے کئی شاندار اور مہنگے جوڑے پہنے۔

ٹوئٹر پر موجود رائل فیملی پیج پر بھی شاہی خاندان میں ہونے والی شادیوں میں خواتین کے عروسی جوڑوں کی ایک دلچسپ ویڈیو اپ لوڈ کی گئی جس میں برطانوی شاہی خاندان کی شادیوں پر نظر ڈالی گئی۔

یہاں برطانوی شاہی خاندان کی چند یادگار دلہنوں کے عروسی جوڑوں پر ایک نظر ڈالیں۔

ملکہ وکٹوریا

ملکہ وکٹوریا کی شادی شہزادے البرٹ کے ساتھ 10 اپریل 1940 کو ہوئی، ان کا عروسی جوڑا ساٹن کے کپڑے سے تیار کیا گیا، جس پر شہزادے کی جانب سے تحفے میں ملا نیلے رنگ کا قیمتی نیلم جڑا گیا۔

ان کے زیورات بھی قیمتی ہیروں سے بنائے گئے تھے۔

شہزادی ہیلینا

شہزادی ہیلینا کی شادی ملکہ وکٹوریا کے چھوٹے بیٹے شہزادے لیوپولڈ سے 27 اپریل 1882 میں ہوئی۔

ہیلینا کا عروسی جوڑا پیرس میں تیار ہوا، جسے پھولوں سے سجایا گیا تھا، جبکہ ان کا زیور قیمتی ہیروں سے تیار کیا گیا۔

ملکہ ایلزبتھ دؤم

ایلزبتھ الیگزینڈرا میری جنہیں ملکہ ایلزبتھ دؤم کہا جاتا ہے کی شادی 1947 میں فلپ ماؤنٹ بیٹن سے ہوئی، ان کا عروسی جوڑا 10 ہزار سچے موتیوں اور نگینوں سے تیار کیا گیا جبکہ اس پر پھلوں کے ڈیزائن کا کام بھی کیا گیا۔

ان کے سر پر ہیروں سے تیار تاج بھی سجایا گیا، جو ان کے شادی کے انداز کی سب سے انوکھی بات تھی۔

ویلز کی شہزادی ڈیانا

شہزادی ڈیانا جن کا نام لیڈی ڈیانا تھا اپنی شادی کے روز سفید رنگ کے شاندار گاؤن میں نظر آئیں۔

ان کی شادی شہزادہ چارلس کے ساتھ 1981 جولائی میں ہوئی، ان کا عروسی جوڑا ہاتھ کی کڑاھی اور موتیوں سے تیار کیا گیا، جسے ڈیوڈ نامی ڈیزائنر نے ڈیزائن کیا تھا۔

ان کا جوڑا شاہی خاندان میں اب تک کا سب سے منفرد عروسی جوڑا مانا جاتا ہے۔

ڈچز آف کیمبرج

برطانوی شہزادی کیٹ مڈلٹن کی شادی شہزادے ولیم کے ساتھ 29 اپریل 2011 کو برطانیہ میں ہوئی۔

اس دوران انہوں نے نہایت خوبصورت سفید رنگ کا گاؤن زیب تن کیا، جسے آج بھی کئی خواتین اپنی شادی کے جوڑے کے لیے نقل کرنے کی کوشش کررہی ہیں۔

ان کے جوڑے کو بھی شاہی خاندان کے باقی عروسی جوڑوں سے متاثر ہوکر پھولوں کے ڈیزائن سے تیار کیا گیا جبکہ سر پر موجود تاج لوگوں کی توجہ کا مرکز بن گیا۔


اب دیکھنا یہ ہے کہ شہزادہ ہیری کی ہونے والی اہلیہ میگھن مارکل اپنی شادی کے دوران کیسا انداز اپناتی ہیں اور یہ مداحوں کو کتنا پسند آتا ہے۔