’زندگی نہ ملے گی دوبارہ' کی کاسٹ کا عجیب اتفاق

’زندگی نہ ملے گی دوبارہ' کی کاسٹ کا عجیب اتفاق

ویب ڈیسک

بولی وڈ فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ کی کاسٹ—۔پبلسٹی فوٹو
بولی وڈ فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ کی کاسٹ—۔پبلسٹی فوٹو

بولی وڈ فلم ’زندگی نہ ملے گی دوبارہ‘ کو باکس آفس پر ریلیز ہوئے 7 سال مکمل ہوگئے۔

اس فلم نے باکس آفس پر کامیابی حاصل کرکے شائقین اور ناقدین کی خوب داد وصول کی تھی تاہم اس فلم کی کاسٹ سے متعلق ایک ایسا دلچسپ اتفاق سامنے آیا جسے جان کر شاید آپ تھوڑے غمگین بھی ہوجائیں۔

ویسے تو بولی وڈ میں رشتے ٹوٹنا ہمیشہ ہی مداحوں کے لیے کافی بری خبر کے طور پر سامنے آتا ہے لیکن آپ کو یہ جان کر حیرت ہوگی کہ فلم 'زندگی نہ ملے گی دوبارہ' کی پوری کاسٹ نے اپنی ذاتی زندگیوں میں اپنے ساتھیوں سے علیحدگی اختیار کرلی۔

فلم ریلیز کے موقع پر کون جانتا تھا کہ کچھ سالوں میں یہ تمام اداکار اپنے ساتھیوں سے الگ ہوجائیں گے۔

فلم کی کاسٹ اور ان کے رشتوں کی تفصیلات یہاں پڑھیں:

ہریتھک روشن

اسکرین گریب
اسکرین گریب

بولی وڈ کے پرکشش اداکار ہریتھک روشن نے اپنی اہلیہ سوزین خان سے علیحدگی کی خبر جب میڈیا سے شئیر کی تو اُن کے مداحوں کو یقین نہیں آیا۔ ہریتھک روشن کی 17 سالہ شادی کا اختتام اُن کی فلم 'کائٹس' میں ساتھی اداکارہ باربرا موری سے ان کے تعلقات کی خبروں کے باعث ہوا تھا۔

کلکی کوچلن

اسکرین گریب
اسکرین گریب

اداکارہ کلکی کوچلن ہدایت کار انوراگ کشیپ کی اہلیہ تھیں اور علیحدگی سے قبل بھی میڈیا میں دونوں کے درمیان سرد تعلقات کی خبریں موجود تھیں. میڈیا رپورٹس کے مطابق کلکی نے انوراگ کی فلم ’گینگ آف واسیپور‘ کی اداکارہ ہما قریشی سے ان کے تعلق کے باعث علیحدگی اختیار کی۔ ایک انٹرویو میں کلکی کا کہنا تھا کہ انوراگ خود پر صحیح تنقید بھی برداشت نہیں کرسکتے۔

ابھے دیول

اسکرین گریب
اسکرین گریب

ابھے دیول ایک طویل عرصے سے میڈیا سے غائب ہیں البتہ وہ اُس وقت خبروں میں آئے جب انہوں نے اپنی گرل فرینڈ پریتی دیسائی سے علیحدگی اختیار کی۔ ابھے کا ایک انٹرویو کے دوران کہنا تھا ’کسی سے علیحدگی اختیار کرنا اتنا آسان نہیں تاہم زندگی کسی وجہ سے رکتی نہیں‘۔

کترینہ کیف

اسکرین گریب
اسکرین گریب

کترینہ کیف کی رنبیر کپور سے علیحدگی اختیار کرنے کی خبریں میڈیا میں آئیں تو ان کے مداح بھی غمگین ہوگئے۔ دونوں کے بریک اپ کی کوئی خاص وجہ تو سامنے نہیں آئی تھی، تاہم ذرائع کا کہنا تھا کہ رنبیر کی اپنی سابق گرل فرینڈ دپیکا سے قربت کے باعث دونوں میں علیحدگی ہوئی تھی جبکہ دیگر ذرائع کا یہ بھی کہنا ہے کہ کترینہ کی سلمان خان کے شو بگ باس (سیزن 9) کے 'گرینڈ فنالے' میں شرکت بھی اس بریک اپ کی وجہ بنی۔

فرحان اختر

اسکرین گریب
اسکرین گریب

ہدایت کار اور اداکار فرحان اختر نے بھی اپنی اہلیہ ادھونا سے علیحدگی اختیار کرلی تھی. اگرچہ دونوں نے علیحدگی کی کوئی وجہ نہیں بتائی تھی، میڈیا رپورٹس کے مطابق ادھونا نے فرحان اختر اور ان کی ساتھی اداکارہ کے درمیان بڑھتے تعلقات کے باعث یہ قدم اٹھایا۔