پنجاب کے محکمہ تعلیم نے صوبے بھر کے تدریسی اداروں کو اسموگ سے متعلق آگاہی اور بچاؤ کے لیے احتیاطی تدابیر اپنانے کی ہدایت کردی۔

اس حوالے سے محکمہ پنجاب اسکول ایجوکیشن کی جانب سے جاری نوٹیفکیشن میں تمام تعلیمی اداروں کے سربراہان کو کہا گیا کہ اسموگ سے بچاؤ کے لیے اسکول کے بچوں کو خصوصی آگاہی فراہم کریں۔

مزید پڑھیں: اسموگ کنٹرول کرنے کیلئے پنجاب کلین ایئر کمیشن کی تشکیل کا فیصلہ

نوٹیفکیشن میں اسموگ سے بچاؤ کے لیے 14 نکات پر مشتمل احتیاطی تدابیرکا ذکر کیا گیا۔

  1. یومیہ کم از کم 8 سے 10 گلاس پانی پیئیں۔

  2. گھر سے غیر ضروری باہر نکلنے سے گریز کریں۔

  3. گھروں کے دروازے اور کھڑیاں بند رکھیں۔

  4. وہ طالبعلم جو موٹر سائیکل یا سائیکل پر اسکول آتے ہیں وہ لازمی طور پر ماسک یا رومال استعمال کریں۔

  5. گھروں اور کلاس رومز میں پنکھے ہرگز نہ چلائیں۔

  6. کچرا جلانے سے گریز کریں۔

  7. سفر کے دوران چشمہ لگائیں۔

  8. ہاتھ، چہرہ، آنکھیں اور ناک کو بار بار دھوئیں۔

  9. آنکھوں کو رگڑنے سے گریز کریں۔

  10. ٹھنڈا پانی اور سافٹ ڈرنگ پینے سے گریز کریں۔

  11. جھاڑ پونچھ کے لیے گیلا کپڑا استعمال کریں۔

  12. مٹی والی جگہ پر پانی چھڑکیں۔

  13. آنکھوں میں سوجن کی صورت میں ڈاکٹر سے فوری طور پر رجوع کریں۔

  14. کارپولنگ سے متعلق آگاہی کو فروغ دیں۔

واضح رہے کہ گزشتہ ماہ پنجاب حکومت نے اسموگ کو کنٹرول کرنے کے لیے پنجاب کلین ایئرکمیشن تشکیل دینے کا فیصلہ کیا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: 'اسموگ کی وجہ کارخانوں سے نکلتا دھواں'

اس حوالے سے سرکاری بیان جاری کیا گیا تھا کہ جس کے مطابق عدالتی حکم پر اینٹوں کے تمام بھٹے 20 سے 31 اکتوبر تک بند رہیں گے۔

واضح رہے کہ یکم اکتوبر سے صوبے بھر میں فضل کو جلانے پر پابندی عائد کی گئی تھی۔

تبصرے (0) بند ہیں