2018: سب سے زیادہ کمانے والی ہولی وڈ فلمیں

اوینجر انفنٹی وار اور بلیک پینتھر نے کمائی کے نئے ریکارڈز بنائے—فوٹو: اسکوائر
اوینجر انفنٹی وار اور بلیک پینتھر نے کمائی کے نئے ریکارڈز بنائے—فوٹو: اسکوائر

سال 2018 کا اختتام ہونے کو ہے اور دیگر شعبہ جات کی طرح شوبز سے وابستہ افراد بھی نئے سال کے منصوبے بنانے میں مصروف ہیں۔

اگرچہ رواں سال کے اختتام تک مزید ہولی وڈ فلمیں ریلیز ہوں گی، تاہم اب تک کی ریلیز ہونے والی کم سے کم 700 سے زائد فلموں میں سے محض چند ایسی فلمیں ہی ہیں، جنہوں نے باکس آفیس پر کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے۔

امریکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ہولی وڈ میں ہر ماہ لگ بھگ 65 فلمیں ریلیز ہوتی ہیں، جن میں سے زیادہ تر باکس آفیس پر کمائی کے ریکارڈز بنانے میں ناکام ہوجاتی ہیں، تاہم پھر بھی سال بھر میں کم سے کم 2 درجن ایسی فلمیں ہوتی ہیں جوایک ہزار کروڑ روپے کمانے میں کامیاب جاتی ہیں۔

رواں برس ہولی وڈ میں کچھ ایسی فلموں نے کمائی کے ریکارڈ بنائے، جن سے متعلق کسی نے سوچا بھی نہیں تھا کہ وہ کمائی کے نئے ریکارڈ بنانے میں کامیاب جائیں گی۔

اگر بات سب سے زیادہ کمائی کرنے والی 10 ہولی وڈ فلموں کی جائے تو حیران کن طور پر ریکارڈ کمائی کرنے والی ان فلموں میں زیادہ تر سیکوئل فلمیں تھیں۔

یعنی زیادہ تر ایسی فلمیں کمائی کرنے میں کامیاب گئیں، جن کی پہلی فلمیں بھی کمائی کے ریکارڈ بنا چکی تھیں، تاہم کچھ نئی فلمیں بھی شائقین کا توجہ حاصل کرنے میں کامیاب رہیں۔

10- اے اسٹار از بارن

گلوکارہ لیڈی گاگا کی پہلی فلم اے اسٹار از بارن نے اگرچہ کوئی ریکارڈ توڑ کمائی نہیں کی، تاہم یہ کسی بھی نئی اداکارہ کی سب سے زیادہ کمانے والی فلم بنی۔

لیڈی گاگا نے اس فلم کے ذریعے فلم ڈیبیو کیا، وہ اس میں بھی گلوکاری کرتی دکھائی دیں، یہ فلم 1937 میں بننے والی امریکی فلم کا آفیشل ریمیک ہے، اس سے زیادہ حیرانگی کی بات یہ ہے کہ اس کا پہلا ریمیک 1976 میں بنایا گیا تھا۔

فلم کی کہانی گلوکارہ کی زندگی کے گرد گھومتی ہے، جسے ایک گلوکار سے محبت ہوجاتی ہے۔

فلم میں گلوکارہ کا کردار لیڈی گاگا اور گلوکار کا کردار بریڈلی کوپر نے ادا کیا تھا، جنہوں نے اس فلم کی ہدایات بھی دی اور انہوں نے اسے پروڈیوس کیا۔

اس فلم کو رواں برس اکتوبر میں ریلیز کیا گیا تھا، جس نے دنیا بھر سے 36 کروڑ 23 لاکھ 32 ہزار سے زائد کی کمائی کی، یعنی اس فلم نے دنیا بھر سے پاکستانی 38 ارب روپے سے زائد کی کمائی کی۔

9 - اے سولو اسٹار وارز اسٹوری

شہرہ آفاق ہولی وڈ فلم اسٹارز وارز کے کردار ہان سولو کی مہمات پر مشتمل فلم ‘اے سولو اسٹار وارز اسٹوری’ کو مئی 2018 میں ریلیز کیا گیا تھا۔

رون ہوورڈ کی ڈائریکٹ کردہ اس فلم میں نوجوان ہان سولو کی مہمات کو دکھایا گیا، جن کے ساتھ Chewbacca اور لانڈو کارلریسیان (ڈونلڈ گلوور) ساتھ دکھائی دیے، علاوہ ازیں کچھ نئے روبوٹس، نئے کردار جیسے ایملیا کلارک اور ووڈی ہیرلسن کے ساتھ روایتی اسٹار وارز لڑائیوں کو بھی اس فلم کا حصہ بنایا گیا۔

اس فلم نے دنیا بھر سے 38 کروڑ 53 لاکھ 29 ہزار ڈالر سے زائد کی کمائی کی، یعنی اس فلم نے دنیا بھر سے پاکستانی 40 اب روپے سے زائد کی کمائی کی۔

8- آنٹ میں آن دی واسپ

سپر ہیرو کامک کرداروں پر مبنی اس فلم کو رواں برس جون میں ریلیز کیا گیا تھا، یہ فلم آنٹ مین، اسکاٹ لینگ اور ہوپ وائن ڈائنے واسپ جیسے کرداروں پر مبنی تھی۔

اس فلم کی ہدایات پیٹن ریڈ نے دیں، جب کہ اس میں پال رڈ، اوینجلین للے، مشیل پینا، والٹن گوگنز اور بوبی کیناویل سمیت دیگر اداکاروں نے جوہر دکھائے۔

اس فلم نے دنیا بھر سے 61 کروڑ 72 لاکھ 60 ہزار 330 ڈالر سے زائد کی کمائی کی، یعنی اس فلم نے پاکستانی 70 ارب روپے کے قریب پیسے بٹورے۔

7- ڈیڈ پول 2

2016 میں ریلیز ہونے والی فلم ڈیڈ پول کی اس سیکوئل فلم کو رواں برس مئی میں ریلیز کیا گیا تھا، جس نے اگرچہ توقعات سے کم کمائی کی، تاہم پھر بھی یہ فلم رواں سال کی کمائی کرنے والی 10 بڑی فلموں میں شامل ہونے میں کامیاب ہوگئی۔

ڈیوڈ لیچ کی ہدایت کردہ اس فلم کی کاسٹ میں ریان ریونلڈس، برائنا ہلڈی برانڈ، مورینا بیکرین، ٹی جے ملر، جیکی کیسی، جولین ڈینیسن اور اسٹیفن کیپکک شامل تھے۔

اس فلم نے 5 دسمبر تک دنیا بھر سے 73 کروڑ 38 لاکھ 9 ہزار سے زائد کی کمائی کی، یعنی اس فلم نے دنیا بھر سے 75 ارب روپے سے زائد کی رقم بٹوری۔

6-مشن امپاسیبل فال آؤٹ

ٹام کروز کی ایکشن فلم اور مشن امپاسیبل فال آؤٹ کو رواں برس جولائی میں ریلیز کیا گیا تھا.

اس فلم میں ٹام کروز برطانوی خفیہ ایجنسی ایم آئی 6 کے اہلکار کے روپ میں نظر آئے جو سپر ہیرو سے بھی لڑتے نظر آئے۔

فلم ساز کرسٹوفر مک کوری کی اس فلم میں ٹام کروز نہ صرف اداکاری کرتے نظر آئے بلکہ وہ اس کے شریک پروڈیوسر بھی تھے۔

فلم کی دیگر کاسٹ میں رابیکا فرگوسن، سائمن پیگ، مائیکل موناگن، ہینری کیول اور الیک بیلڈون سمیت دیگر اداکار شامل تھیں۔

اس فلم نے دنیا بھر سے 78 کروڑ 75 لاکھ 53 ہزار سے زائد کی کمائی کی، یعنی اس فلم نے دنیا بھر سے پاکستانی 80 ارب روپے سے زائد کی کمائی.

5- وینم

سائنس فکشن سپر ہیرو فلم ’وینم‘ کو رواں برس اکتوبر میں سب سے پہلے امریکا میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کے بعد اسے مختلف تاریخوں میں دیگر ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا۔

اس فلم کی ہدایات ربن فلیشر نے دی تھیں، جب کہ اسے سونی پکچرز کے بینر تلے ریلیز کیا گیا تھا۔

ٹام ہارڈی، مشیل ولیمز، رز احمد اسکاٹ ہازے اور ریڈ اسکاٹ جیسی کاسٹ پر مبنی اس فلم نے دنیا بھر سے 5 دسمبر تک 84 کروڑ 34 لاکھ 21 ہزار 900 ڈالر کی کمائی کی۔

یعنی اس فلم نے دنیا بھر سے پاکستانی 90 ارب روپے کے لگ بھگ کمائی کی۔

4- انکریڈیبل 2

ایکشن ایڈونچر اینیمیٹیڈ فیملی سپر ہیرو فلم انکریڈیبل 2 در اصل اسی نام سے آنے والی 2004 کی فلم کا سیکوئل تھا، جسے رواں برس جون میں سب سے پہلے امریکا اور بعد ازاں دیگر ممالک میں ریلیز کیا گیا۔

اس فلم نے حیران کن طور پر نہ صرف کئی فلموں کی کمائی کے ریکارڈ توڑے بلکہ کمائی کے نئے ریکارڈ بھی اپنے نام کیے۔

اس فلم کی ہدایات براڈ برڈ نے دی جب کہ انہوں نے ہی اس کی کہانی بھی لکھی۔

اس فلم نے 5 دسمبر تک دنیا بھر سے ایک ارب 23 کروڑ 75 لاکھ 67 ہزار 549 ڈالر بٹورے، جو پاکستانی ایک ارب 25 ارب روپے کے لگ بھگ بنتے ہیں۔

3- جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم

ڈائناسور فرنچائزسائنس فکشن فلم ’جراسک ورلڈ: فالن کنگ ڈم‘ کو رواں برس جون میں ریلیز کیا گیا تھا، ابتدائی طور پر اسے محض 30 ممالک میں ریلیز کیا گیا تھا، جس کے بعد اسے دیگر ممالک میں ریلیز کیا گیا۔

پروڈیوسرکولن ٹریورو کی اس فلم کی ہدایات جے اے بایونا نے دیں، جب کہ کرس پراٹ، بریس ڈلاس ہوورڈ، بی ڈی وونگ، جیمز کارم ویل، ٹیڈ لوینی، جسٹس سمتھ اور ٹوبی جونز سمیت دیگر اداکاروں نے اس میں شاندار جوہر دکھائے۔

اس فلم نے 5 دسمبر تک دنیا بھر سے ایک ارب 30 کروڑ 48 لاکھ 66 ہزار 233 ڈالر بٹورے، یعنی اس فلم نے پاکستانی ایک کھرب، 48 ارب اور 66 کروڑ روپے سے زائد کی کمائی۔

2- بلیک پینتھر

پہلی سیاہ فام سپر ہیرو فلم ‘بلیک پینتھر’ کو اگرچہ امریکا میں سب سے زیادہ کمائی کرنے والی فلم کا اعزاز حاصل ہے، تاہم اس فلم نے دنیا بھر سے اتنی کمائی نہیں کی، جتنی ’اوینجر: انفٹی وار’ نے کی۔

بلیک پینتھر کی کہانی امریکا میں 1960 اور 1970 کی دہائی میں شائع ہونے والے سیاہ فام سپر ہیروز کے کامک ناول ’بلیک پینتھر‘ سے ماخوذ ہے۔

فلم میں افریقہ کے ایک گمشدہ حصے کو دکھایا گیا، فلم میں شاہی روایات اور ٹیکنالوجی کی ترقی کے نئے ڈرامائی اندازوں کو بھی بھرپور دکھایا گیا۔

ریان کوگلر کی ہدایت کردہ اس فلم کو 2018 کے آغاز میں ہی ریلیز کیا گیا تھا اور اس نے کمائی کے کئی نئے ریکارڈ اپنے نام کیے۔

فلم کی کاسٹ میں چاڈوک بوسمین، مائیکل بی جورڈن، لپیتا نیونگو اور مارٹن فریمین سمیت دیگر اداکار شامل تھے۔

اس فلم نے 5 دسمبر تک ایک ارب 34 کروڑ 70 لاکھ 71 ہزار 259 ڈالر بٹورے، یعنی اس فلم نے دنیا بھر سے پاکستانی ایک کھرب، 34 ارب 70 کروڑ 71 لاکھ روپے سے زائد کی کمائی کی۔

1- اوینجر: انفنٹی وار

متعدد سپر ہیروز سے بھی زیادہ طاقتور ولن ’تھیونس‘ کی دہشت زدہ لڑائی پر مبنی اس فلم نے رواں برس سب سے زیادہ کمائی کرکے کئی لوگوں کو حیران کردیا۔

اگرچہ یہ خیال پہلے ہی کیا جا رہا تھا کہ یہ فلم کمائی کے نئے ریکارڈ بنائے گی، تاہم کسی کو اندازہ نہ تھا کہ یہ فلم درجنوں فلموں کی مجموعی کمائی سے بھی زیادہ پیسے بٹورنے میں کامیاب جائے گی۔

اس فلم میں ارول اسٹوڈیوز کے سینما یونیورس ہاؤس کی 18 فلموں کے سپر ہیروز کو ایک ساتھ دکھایا گیا۔

’اوینجر: انفنٹی وار‘میں معروف سپر ہیروز آئرن مین، بلیک پینتھر، کیپن امریکا، ڈاکٹر اسٹریج، اسپائیڈر مین، تھور، آنٹ مین اور ایوینجرز، گارڈینز آف دی گلیکسی اور مارول اسٹوڈیو کے دیگر تمام سپر ہیروز کو خطرناک ولن سے لڑتے ہوئے دکھایا گیا۔

اس فلم میں تمام سپر ہیروز اسی اسٹوڈیو کے طاقتور ولن ’تھینوس‘ کا مقابلہ کرتے نظر آتے ہیں، جو کہ مارول یونیورس کا ایسا ولن ہے جس کی آمد کا عندیہ 6 سال پہلے ریلیز ہونے والی پہلی ایوینجرز فلم میں دیا گیا تھا۔

اس فلم کو رواں برس اپریل میں ابتدائی طور پر چند ممالک میں ریلیز کیا گیا، جس کے بعد اسے دیگر ممالک میں بھی ریلیز کیا گیا تھا۔

اس فلم نے 5 دسمبر 2018 تک دنیا بھر سے 2 ارب 8 کروڑ 84 لاکھ 25 ہزار 125 ڈالر کمائے۔

یعنی اس فلم نے دنیا بھر سے پاکستانی 2 کھرب 8 ارب 84 کروڑ 25 لاکھ روپے سے زائد کی رقم بٹور کر سب سے زیادہ پیسے کمانے والی فلم کا اعزاز اپنے نام کیا۔