خوش قسمتی کے لیے طیارے کے انجن میں سکے پھینکنے والا مسافر گرفتار

26 فروری 2019
یہ واقعہ چین میں پیش آیا — فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز
یہ واقعہ چین میں پیش آیا — فوٹو بشکریہ وکی میڈیا کامنز

کیا آپ کے خیال میں طیارے پر سفر کرتے ہوئے انجن میں سکے پھینکنا خوش قسمت بناسکتا ہے؟

کم از کم چین میں کچھ لوگ ایسا مانتے ہیں اور دیگر مسافروں کو جان لیوا خطرے کا نشانہ بنادیتے ہیں۔

گزشتہ دنوں چین کے شہر انچنگ سے کونمینگ کے درمیان لکی ائیر نامی کمپنی کی پرواز کے موقع پر یہ واقعہ پیش آیا۔

ایک مسافر جس کا نام لیو بتایا گیا ہے، نے طیارے پر چڑھتے ہوئے بائیں انجن کی جانب کئی سکے اچھالے جس کا علم طیارے کے عملے کو اس وقت ہوا جب انہوں نے 2 سکے انجن کے پاس زمین پر دریافت کیے۔

اس پرواز میں 162 مسافر سوار تھے اور اس واقعے کے بعد پرواز کو منسوخ کردیا گیا اور اگلے دن انجن کی مکمل چیکنگ کے بعد ہی پرواز روانہ ہوئی۔

لکی ائیر کے مطابق اس پرواز کی منسوخی کے باعث اسے ایک لاکھ 40 ہزار یوآن (29 لاکھ پاکستانی روپے سے زائد) کا نقصان ہوا اور اس نے مسافر کے خلاف قانونی کارروائی کرنے کا اعلان کیا۔

28 سالہ مسافر کا کہنا تھا کہ اس نے انجن میں سکے پھینکنے کی کوشش اس لیے کی تاکہ اس کی زندگی میں خوش قسمتی آسکے۔

واقعے کے بعد اسے حراست میں لے لیا گیا اور 7 دن کے لیے قید کردیا گیا جبکہ اب اسے کمپنی کی جانب سے ہرجانے کے مقدمے کا بھی سامنا ہے۔

یہ چین میں پہلا واقعہ نہیں جب کسی مسافر نے خوش قسمتی کے لیے طیارے کے انجن میں سکے پھینکنے کی کوشش کی ہو۔

2017 میں ایسے 2 واقعات سامنے آئے تھے جن میں سے ایک لکی ائیر اور دوسرا چائنا سدرن ائیرلائنز کی پرواز کے دوران پیش آیا۔

تبصرے (0) بند ہیں