افریقی ملک کانگو میں جہاز گر کر تباہ، 23 افراد ہلاک

اپ ڈیٹ 24 نومبر 2019
حادثے میں ہلاک افراد کی حتمی تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے — فوٹو: اے پی
حادثے میں ہلاک افراد کی حتمی تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے — فوٹو: اے پی

وسطی افریقی ملک عوامی جمہوریہ کانگو میں چھوٹا جہاز گر کر تباہ ہو گیا جس کے نتیجے میں 23 افراد ہلاک ہوگئے۔

جہاز گرنے کا واقعہ کانگو کے شہر گوما کے گنجان آباد علاقے میں پیش آیا۔

غیر ملکی خبر رساں ایجنسی 'اے ایف پی' کے مطابق گوما کے ریسکیو سروس کے کوآرڈینیٹر جوزف ماکُنڈی نے بتایا کہ 'اب تک ہم 23 لاشیں جہاز کے ملبے سے نکال چکے ہیں۔'

خیال کیا جارہا ہے کہ حادثے میں ہلاک ہونے والوں میں جہاز میں موجود تمام افراد کے علاوہ زمین پر موجود کچھ افراد بھی شامل ہیں۔

تصاویر میں حادثے کی جگہ سے کالا دھوا اٹھتے اور وہاں مقامی افراد کو جمع دیکھا گیا۔

گوما ایئرپورٹ کے عہدیدار رِچرڈ مَنگولوپا نے بتایا کہ حادثے میں جہاز میں موجود کسی شخص کے زندہ بچنے کے امکانات نہیں ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جمہوریہ کانگو: ٹرین حادثے میں 50 افراد ہلاک

جہاز گرنے کا واقعہ کانگو کے شہر گوما کے گنجان آباد علاقے میں پیش آیا — فوٹو: اے ایف پی
جہاز گرنے کا واقعہ کانگو کے شہر گوما کے گنجان آباد علاقے میں پیش آیا — فوٹو: اے ایف پی

ڈورنیئر 228 جہاز نے گوما سے 350 کلومیٹر شمال میں واقع شہر بینی کے لیے اڑان بھری تھی اور کانگو کے مشرق میں ایئرپورٹ کے قریب رہائشی علاقے میں جہاز گر کر تباہ ہوا۔

بِزی بی ایئرلائن کے عملے کے رکن کا کہنا تھا کہ جہاز میں 17 مسافر اور عملے کے 2 اراکین شامل تھے۔

یہ ایئرلائن حال ہی میں قائم ہوئی ہے اور اس کے تین جہاز شمالی صوبے کیوو میں پرواز کرتے ہیں۔

مقامی نیوز ویب سائٹ نے کمپنی کے ایک مینٹیننس ورکر کے حوالے سے کہا کہ 'حادثہ جہاز میں تکنیکی خرابی کی وجہ سے پیش آیا۔'

حادثے میں ہلاک افراد کی حتمی تاحال معلوم نہیں ہو سکی ہے۔

مزید پڑھیں: کانگو: قبائلی فسادات میں تین دنوں میں 890 افراد ہلاک، اقوام متحدہ

واضح رہے کہ کانگو میں جہازوں بالخصوص اینٹانوو کو پیش آنے والے حادثات معمول بن چکے ہیں۔

گزشتہ ماہ ملک کے صدر کے دورے میں رسد میں معاونت کرنے والا اینٹانوو 72 کارگو جہاز گوما سے اڑان بھرنے کے بعد لاپتہ ہوگیا تھا۔

جہاز میں عملے کے اراکین سمیت 8 افراد سوار تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں