ای میل

بدترین فضائی آلودگی والے 30 شہروں میں بھارت کے 21 شہر

نئی دہلی بدترین فضائی آلودگی والا دارالحکومت ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
نئی دہلی بدترین فضائی آلودگی والا دارالحکومت ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

ہر سال فضائی آلودگی کے حوالے سے رپورٹ جاری کرنے والے سوئٹزرلینڈ و امریکی ادارے ’آئی کیو ایئر‘ کی تازہ رپورٹ کے مطابق بدترین فضائی آلودگی والے دنیا کے 30 شہروں میں 21 شہر بھارت کے ہیں۔

مذکورہ ادارہ ہر سال حکومتی اعداد و شمار کے تحت عالمی ادارہ صحت (ڈبلیو ایچ او) سمیت ماحولیاتی بہتری کے حوالے سے کام کرنے والے اداروں اور ایجنسیوں کے پیمانوں کے مطابق رپورٹ مرتب کرتا ہے۔

آئی کیو ایئر کی 2019 کی تارہ رپورٹ میں اگرچہ بھارت کو فضائی آلودگی کے حوالے سے بدترین ملک قرار نہیں دیا گیا تاہم اس کے شہر سب سے زیادہ بدترین فضائی آلودگی میں سرفہرست ہیں۔

ممبئی کی فضائی آلودگی صحت کو متاثر کرنے والی ہے، رپورٹ—فوٹو: رائٹرز
ممبئی کی فضائی آلودگی صحت کو متاثر کرنے والی ہے، رپورٹ—فوٹو: رائٹرز

آئی کیو ایئر کی تازہ رپورٹ کے مطابق فضائی آلودگی کو کم کرنے کے حوالے سے چین نے گزشتہ کچھ عرصے میں نمایاں اقدامات کیے ہیں جس وجہ سے چین میں فضائی آلودگی میں بہتری آئی ہے۔

آئی کیو ایئر کی فہرست کے مطابق فضائی آلودگی کے حوالے سے 5 بدترین ممالک میں 4 ممالک جنوبی ایشیا جب کہ ایک مشرقی ایشیائی ملک ہے۔

فضائی آلودگی کے حوالے سے بدترین ملک بنگلہ دیش جب کہ دوسرے نمبر پر پاکستان ہے، اسی فہرست میں تیسرے نمبر پر مشرقی ایشیائی ملک منگولیا جب کہ چوتھے نمبر پر افغانستان اور پانچویں نمبر پر بھارت ہے۔

لاہور فضائی آلودگی کے حوالے سے نویں نمبر پر ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
لاہور فضائی آلودگی کے حوالے سے نویں نمبر پر ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

فضائی آلودگی کے حوالے سے دنیا کے بدترین دارالحکومتوں میں بھارتی دارالحکومت نئی دہلی پہلے نمبر پر ہے، تاہم اگر بدترین فضائی والے 50 بڑے شہروں کی بات کی جائے تو بنگلہ دیش کا دارالحکومت ڈھاکا پہلے نمبر پر ہے۔

فضائی آلودگی والے 50 اہم شہروں میں سے ابتدائی 12 شہروں میں تین بھارتی شہر شامل ہیں۔

فضائی آلودگی کے حوالے سے دنیا کا بدترین شہر ڈھاکا ہے، دوسرے نمبر پر کمبوڈیا کا پنوم پن، تیسرے نمبر پر چینی شہر ہانگو، چوتھے نمبر پر بھارتی شہر ممبئی، پانچویں نمبر پر چینی شہر ووہان، نویں نمبر پر پاکستانی شہر لاہور اور دسویں نمبر پر بھارتی شہر نئی دہلی ہیں۔

ادارے کی رپورٹ کے مطابق بھارتی شہروں میں ریکارڈ کی گئی فضائی آلودگی عالمی ادارہ صحت سمیت امریکی فضائی آلودگی سے تحفظ کے ادارے کے مطلوبہ معیارات سے تقریباً 9 گنا زیادہ ہے۔

ڈھاکا فضائی آلودگی کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
ڈھاکا فضائی آلودگی کے حوالے سے پہلے نمبر پر ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی

بھارت کے فضائی آلودگی والے شہروں میں نئی دہلی، ممبئی، غازی آباد، کولکتا، بنگلورو اور پونے جیسے شہر شامل ہیں اور مجموعی طور پر بدترین فضائی آلودگی والے 30 میں سے 21 شہر بھارت کے ہیں۔

آئی کیو ایئر نے اپنی رپورٹ میں شہروں اور ممالک کو فضائی آلودگی کے حوالے سے 6 کیٹیگریز میں تقسیم کیا ہے، جن میں ’اچھی فضائی آلودگی، درمیانے درجے کی فضائی آلودگی، صحت کو متاثر کرنے والی فضائی آلودگی، غیر صحت فضائی آلودگی، شدید غیر صحت مند فضائی آلودگی اور خطرناک فضائی آلودگی کی کیٹیگریز شامل ہیں۔

پاکستان کے شہر کراچی اور لاہور کو عالمی ادارے نے ’صحت کو متاثر کرنے والی‘ کیٹیگری میں شمار کیا ہے جب کہ بھارت کے بھی زیادہ تر شہر اسی کیٹیگری میں رکھے گئے ہیں۔

بنگلہ دیش کا شہر ڈھاکا ’شدید غیر صحت‘ کی کیٹیگری میں شامل ہے۔

کراچی میں دہلی، ممبئی، گووا، لاہور اور ڈھاکا سے کم فضائی آلودگی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی
کراچی میں دہلی، ممبئی، گووا، لاہور اور ڈھاکا سے کم فضائی آلودگی ہے—فائل فوٹو: اے ایف پی