• KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:54pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:57pm
  • KHI: Zuhr 12:18pm Asr 4:29pm
  • LHR: Zuhr 11:49am Asr 3:54pm
  • ISB: Zuhr 11:54am Asr 3:57pm

ٹی 20 ورلڈکپ: زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو شکست دے دی

شائع October 27, 2022
شاہین شاہ آفریدی پاکستان کو آخری گیند میں فتح دلانے میں ناکام ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
شاہین شاہ آفریدی پاکستان کو آخری گیند میں فتح دلانے میں ناکام ہوئے—فوٹو: اے ایف پی
— فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
— فوٹو: آئی سی سی ٹوئٹر
— کرک انفو ٹوئٹر
— کرک انفو ٹوئٹر

آئی سی سی ٹی20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے کے اہم میچ میں زمبابوے نے سنسنی خیز مقابلے کے بعد پاکستان کو ایک رن سے شکست دے دی۔

پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا لیکن پاکستانی باؤلرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے زمبابوے کو مقررہ 20 اوورز میں 130 رنز تک محدود کردیا تھا۔

پاکستان نے ہدف کا تعاقب شروع کیا تو بابر اعظم 13 رنز کے اسکور پر صرف 4 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے، جس کے بعد محمد رضوان 23 کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے، جنہوں نے 14 رنز بنائے تھے۔

افتخار احمد بھی ناکام ہوئے اور صرف 5 رنز کا اضافہ کرکے جونگوے کا نشانہ بنے جبکہ شاداب خان نے 17 رنز بنا کر شان مسعود کا کچھ دیر تک ساتھ دیا اور 88 کے اسکور پر سکندر رضا کی وکٹ بن گئے۔

حیدر علی کی ناکامیوں کا سلسلہ ختم نہیں ہوا اور وہ کھاتہ کھولے بغیر سکندر رضا کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔

شان مسعود نے 44 رنز کی اننگز کھیل کر پاکستان کو اچھی پوزیشن ضرور دلا دی تھی لیکن دیگر بلے باز اس کا فائدہ اٹھانے میں ناکام رہے۔

محمد نواز اور محمد وسیم نے ٹیم کا اسکور آگے بڑھایا اور آخری دو اوورز میں جیت کے لیے 22 رنز درکار تھے تاہم نواز نے ایک چھکا مارا اور وسیم نے ایک چوکے کے ذریعے جیت کی امید دلائی لیکن آخری تین گیندوں میں میچ پاکستان کے ہاتھ سے نکل گیا۔

پاکستان کو دو گیندوں پر جیت کے لیے جب 3 رنز درکار تھے تو محمد نواز اونچا شاٹ کھیلنے کی پاداش میں میدان بدر ہوئے۔

شاہین شاہ آفریدی کو ایک گیند میں 3 رنز بنا کر ٹیم کو فتح سے ہمکنار کروانے کی ذمہ داری ملی لیکن وہ ایک رن بنا سکے اور رن آؤٹ ہوگئے۔

پاکستان نے مقررہ اوورز میں 8 وکٹوں پر 129 رنز بنائے اور یوں زمبابوے نے میچ ایک رن سے جیت کر پوائنٹس کی تعداد 3 کرلی۔

زمبابوے کے پاکستانی نژاد آل راؤنڈر سکندر رضا نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں اور براڈ ایوانز نے 2 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

سکندر رضا کو میچ کا بہترین کھلاڑی قرار دیا گیا۔

خیال رہے کہ پاکستان کو ٹی20 ورلڈ کپ میں پاکستان کی یہ مسلسل دوسری شکست ہے اور تاحال کوئی پوائنٹ حاصل کرنے میں ناکام رہا ہے، تاہم پوائنٹس ٹیبل پر بہتر رن ریٹ کی بدولت نیدرلینڈز سے ایک نمبر آگے ہے۔

قبل ازیں زمبابوے کی جانب سے مدھویرے 17، کریگ ارون 19، ملٹن شمبا 8، شان ولیمز 31، سکندر رضا 9، ریگیس چکابوا صفر، ریان برل 10، لیوک جونگوے صفر اور بریڈ ایونز 19 نے رنز بنائے تھے۔

زمبابوے کا کوئی بھی بلے باز بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہا اور مقررہ 20 اوورز میں 8 وکٹوں کے نقصان پر 130 رنز بنائے اور پاکستان کو جیت کے لیے 131 رنز کا ہدف دیا تھا۔

پاکستان کی جانب سے محمد وسیم جونیئر نے شاندار باؤلنگ کا مظاہرہ کرتے ہوئے 4 اوورز میں 24 رنز دے کر 4 وکٹیں حاصل کیں جب کہ لیگ اسپنر شاداب خان نے 3 کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔

آئی سی سی ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپر 12 مرحلے میں پرتھ میں کھیلے گئے میچ میں زمبابوے نے پاکستان کے خلاف ٹاس جیت کر پہلے خود بیٹنگ کا فیصلہ کیا تھا۔

پاکستانی ٹیم میں ایک تبدیلی کی گئی تھی اور آصف علی کی جگہ محمد وسیم جونیئر کو پلیئنگ الیون کا حصہ بنایا گیا تھا۔

بابر اعظم کی قیادت میں قومی کرکٹ ٹیم میں نائب کپتان شاداب خان، محمد رضوان، شان مسعود، افتخار احمد اور حیدر علی شامل تھے۔

اس کے علاوہ محمد نواز، محمد وسیم جونیئر، شاہین شاہ آفریدی، نسیم شاہ اور حارث رؤف بھی پلیئنگ الیون کا حصہ تھے۔

زمبابوے کرکٹ ٹیم کی قیادت کریگ ارون کر رہے تھے، دیگر کھلاڑیوں میں ویسلی مدھویرے، کریگ ارون، ملٹن شمبا، شان ولیمز، سکندر رضا، ریگیس چکابوا، ریان برل، لیوک جونگوے، بریڈ ایونز، رچرڈ نگروا، مضاربانی شامل تھے۔

یاد رہے کہ ٹی 20 ورلڈکپ کے پہلے میچ میں پاکستان کو بھارت نے انتہائی سنسی خیز مقابلے کے بعد آخری گیند پر 4 وکٹوں سے شکست دی تھی، جب کہ زمبابوے کا جنوبی افریقہ سے سپر 12 مرحلے میں ہونے والا میچ بارش کے باعث بغیر کسی نتیجے کے ختم ہوگیا تھا اور دونوں ٹیموں کو ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا تھا۔

کارٹون

کارٹون : 13 اکتوبر 2024
کارٹون : 12 اکتوبر 2024