ممبئی میں بھارت کے پہلے ایپل اسٹور کا شاندار افتتاح

18 اپريل 2023
یہ بھارت میں کھلنے والا ایپل کا پہلا اسٹورہے— فوٹو: رائٹرز
یہ بھارت میں کھلنے والا ایپل کا پہلا اسٹورہے— فوٹو: رائٹرز

عالمی شہرت یافتہ موبائل بنانے والی کمپنی ایپل نے بھارت میں اپنا پہلا ریٹیل اسٹور کھول لیا جہاں کمپنی کے چیف ایگزیکٹو ٹم کُک نے ممبئی میں اسٹور کا افتتاح کیا۔

خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق ملک کے مختلف حصوں سے 300 سے زائد لوگ اس یادگار موقع پرموجود تھے جہاں ہر فرد اسٹور میں سب سے پہلے داخلے کا خواہشمند تھا۔

بھارت میں ایپل مصنوعات آن لائن دستیاب ہونے کے باوجود کچھ لوگ اس حوالے سے اتنے پرجوش تھے کہ وہ گزشتہ رات سے ہی قطار لگائے کھڑے تھے تاکہ اپنے ملک میں کھلنے والے اس اسٹور سے سب سے پہلے یہ مصنوعات خرید سکیں۔

ای بے سے خریدے گئے نئے آئی پوڈ ٹچ کے ڈبے پر ٹم کُک کے دستخط لینے کے ساتھ ساتھ ایپل واچ الٹر خریدنے کے خواہشمند 30سالہ پورو مہتا نے رائٹرز کو بتایا کہ میرے اندر موجود ننھا شائق کچھ بھی سننے کو تیار نہیں۔

اس موقع پر متعدد ایپل کے شریک بانی اسٹیو جابز کے انداز میں ٹی شرٹ پہنے ہوئے موجود تھے اور انہوں نے ایپل کے لوگو کے اسٹائل میں بال بنوائے ہوئے تھے جبکہ ایک شائق کی جوش کا یہ عالم تھا کہ وہ 1984 میں ایپل کی جانب سے بنایا گیا پہلا کمپیوٹر بھی ساتھ لے آیا۔

احمد آباد سے محض اس اسٹور کی لانچ کی تقریب میں شرکت کے لیے آنے والے 23سالہ آن شاہ نے کہا کہ یہاں پر موجود کا ایک ہی احساس ہے، یہ کسی عام اسٹور سے خریداری کرنے جیساہرگز نہیں ہے، اس کا کوئی موازنہ نہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ایپل کے لیے ان کی محبت اس حد تک تھی کہ وہ بطور طالبعلم نیویارک اور بوسٹن تک پہنچ گئے تھے جہاں انہیں ایک مرتبہ ٹم کُک سے ملاقات کا موقع بھی ملا تھا۔

ایپل کو ماضی میں بھارت میں ریٹیل اسٹور کھولنے میں مشکلات کا سامنا رہا ہے البتہ آن لائن ای کامرس ویب سائٹ پر اس کی مصنوعات دستیاب ہیں جہاں پہلا آن لائن اسٹور 2020 میں کھولا گیا تھا۔

یہ اسٹور ایک ایسے موقع پر کھلا ہے جب بھارتی صارفین اپنی موبائل ڈیوائسز کو جدید فیچرز کے مطابق اپ ڈیٹ کرتے ہوئے زیادہ فیچرز کے حامل موبائل فونز کی جانب منتقل ہو رہے ہیں جن میں ایپل سرفہرست ہے۔

تاہم اس نئے رجحان کے باوجود بھی ایپل کے مہنگے فونز محض خاص طبقے کی ہی دسترس میں ہیں اور بھارتی مارکیٹ شیئر کا صرف تین فیصد حصہ ایپل کے پاس ہے۔

اس اسٹور کا افتتاح ریلائنس کے بنائے گئے جیو ورلڈ ڈرائیو مال میں کیا گیا اور رات میں اس سلسلے میں ایک پروقار تقریب کا بھی اہتمام کیا گیا جس میں بھارتی فلم اور ٹی وی کے اداکاروں کو ٹم کُک سے ملاقات کرتے ہوئے دیکھا گیا۔

اس سلسلے میں دوسرے اسٹور کا افتتاح جمعرات کو نئی دہلی میں کیا جائے گا جبکہ رواں ہفتے ایپل کے چیف ایگزیکٹو ٹم کُک وزیر اعظم نریندر مودی اور ڈپٹی وزیر برائے آئی ٹی سے بھی ملاقات کریں گے۔

تبصرے (0) بند ہیں