سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر میں دھماکا، 2 پولیس اہلکار زخمی

اپ ڈیٹ 20 دسمبر 2023
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر ہونے والے دھماکے میں گاڑی کو بھی نقصان پہنچا— فوٹو: ڈان نیوز
سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر ہونے والے دھماکے میں گاڑی کو بھی نقصان پہنچا— فوٹو: ڈان نیوز

سپریم کورٹ کے سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے گھر میں دھماکے کے نتیجے میں دو پولیس اہلکار زخمی ہو گئے، دھماکے میں سابق چیف جسٹس اور ان کے اہلخانہ محفوظ رہے۔

ڈان نیوز کے مطابق سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کی گارڈن ٹاؤن میں رہائش گاہ میں دھماکا ہوا جس کے بعد پولیس کی بھاری نفری ان کے گھر پہنچ گئی۔

خاندانی ذرائع کے مطابق دھماکا گھر کے گیراج میں ہوا اور جس وقت دھماکا ہوا اس وقت سابق چیف جسٹس اور ان کے اہلخانہ گھر پر ہی موجود تھے۔

ذرائع کے مطابق دھماکا دستی بم سے کیا گیا جس کے نتیجے میں 2 پولیس اہلکار زخمی ہو گئے جبکہ دھماکے کی اطلاع موصول ہوتے ہی امدادی ٹیمیں روانہ کر دی گئیں۔

زخمی اہلکاروں کی شناخت محمد عامر اور خرم شہزاد کے نام سے ہوئی ہے۔

آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور نے واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے سی سی پی او لاہور سے رپورٹ طلب کر لی ہے۔

آئی جی پنجاب نے زخمی پولیس اہلکاروں کو علاج معالجے کی بہترین سہولیات فراہم کرنے کی ہدایت کی۔

ترجمان پنجاب پولیس نے دھماکے کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سابق چیف جسٹس اور ان کے اہل خانہ دھماکے میں مکمل طور پر محفوظ رہے،

انہوں نے کہا کہ واقعے میں پولیس کانسٹیبل عامر اور خرم معمولی زخمی ہوئے اور آئی جی پنجاب نے واقعے کی تمام پہلوؤں سے تحقیقات کا حکم دے دیا۔

بعدازاں ایڈیشنل آئی جی سی ٹی ڈی نے اپنی ٹیم کے ہمراہ جائے حادثہ کا دورہ کای جہاں ان کے ہمراہ ڈی آئی جی سی ٹی ڈی، آر اوز اور دیگر افسران بھی موجود تھے۔

پنجاب پولیس کی جانب سے جاری ایک بیان میں کہا گیا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق یہ ملک دشمن عناصر کی ملک میں خوف و ہراس پھیلانے کی مذموم کوشش ہے اور وقوعہ میں غیر ملکی ہاتھ ملوث ہونے کے امکانات رد نہیں کیے جا سکتے۔

بیان میں کہا گیا کہ اللہ پاک کے فضل و کرم سے دھماکے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، جائے وقوع سے ملنے والے شواہد پر کام جاری ہے جن کی روشنی میں جلد ہی ملزمان تک پہنچ جائیں گے۔

سابق چیف جسٹس میاں ثاقب نثار نے 31 دسمبر 2016 کو چیف جسٹس کے عہدے کا حلف اٹھایا تھا اور وہ 17 جنوری 2019 کو ریٹائر ہوگئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں