مسلم لیگ (ن) نے لاہور کے بڑے حلقوں میں ٹکٹوں کی تقسیم کا مسئلہ حل کرتے ہوئے سینئر رہنما شیخ روحیل اصغر کو این اے 121 اور سردار ایاز صادق کو این اے 120 سے ٹکٹ جاری کردیے ہیں۔

ڈان نیوز کے مطابق سابق ممبر قومی اسمبلی سہیل شوکت بٹ نے حلقہ این اے 120 سے کاغذات نامزدگی واپس لینا کا فیصلہ کیا جس کے بعد دونوں رہنماؤں کو ٹکٹس جاری کیے گئے۔

سہیل شوکت بٹ اب صوبائی اسمبلی کے حلقہ پی پی 151 سے الیکشن لڑیں گے۔

یاد رہے کہ لاہور کے قومی اسمبلی کے حلقہ این اے 121 میں ٹکٹ کی تقسیم کے معاملے مسلم لیگ (ن) کے سینئر رہنما ایاز صادق اور روحیل اصغر آمنے سامنے آگئے تھے۔

بعد ازاں کو 10 جنوری کو مسلم لیگ (ن) کے قائد و سابق وزیر اعظم نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں شیخ روحیل اصغر اور سردار ایاز صادق میں صلح کروا دی تھی۔

مسلم لیگ (ن) کے قائد نواز شریف سے شیخ روحیل اصغر نے ملاقات کی۔

ملاقات میں شہباز شریف، مریم نواز، ایاز صادق، خواجہ سعد رفیق اور سلمان رفیق بھی موجود تھے۔

نواز شریف نے پارٹی رہنماؤں شیخ روجیل اصغر اور سردار ایاز صادق کے آپس کے گلے شکوے دور کروا دیے۔

نواز شریف نے واضح کیا کہ (ن) لیگ ایک خاندان کی طرح ہے اور پارٹی کے لیے سب کی قربانیاں ہیں، کسی بھی رہنما کو ناراض نہیں کیا جائے گا اور سب کو موقع دیا جائے گا۔

اس موقع پر شیخ روحیل اصغر نے کہا کہ نواز شریف ان کے لیڈر ہیں، انہوں نے ہمیشہ پارٹی قیادت کی بات پر سر تسلیم خم کیا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں