ہم نے پاکستان بنایا تھا اور ہم ہی اسے بچائیں گے، خالد مقبول صدیقی

اپ ڈیٹ 21 جنوری 2024
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا ہم پہلے سے زیادہ مضبوط اور منظم ہو کر سامنے آئے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز
خالد مقبول صدیقی کا کہنا تھا ہم پہلے سے زیادہ مضبوط اور منظم ہو کر سامنے آئے ہیں — فوٹو: ڈان نیوز

متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) پاکستان کے کنوینر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ ہم نے پاکستان بنایا تھا اور ہم ہی پاکستان بچائیں گے۔

کراچی میں جلسے سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ ’وعدہ تھا 8 فروری کو نہیں 21 جنوری کو فیصلہ آئے گا، کراچی کے عوام نے آج اپنا حق ادا کردیا، جو پاکستان سے محبت کرتا ہے اس پر لازم ہے کہ کراچی سے محبت کرے‘۔

انہوں نے کہا کہ ’آج بابائے قوم کے سامنے وعدے کی تجدید کے لیے آئے ہیں، ہم پہلے سے زیادہ مضبوط اور منظم ہو کر سامنے آئے ہیں، نئے معرکے اور صف بندی کا وقت آگیا ہے، ہم نے پاکستان بنایا تھا اور ہم ہی پاکستان بچائیں گے‘۔

قبل ازیں جلسے سے خطاب میں رہنما ایم کیو ایم مصطفیٰ کمال نے کہا کہ ’بلاول کے بڑے بھی ایم کیو ایم کے بغیر وزیراعظم نہیں بنے، بلاول کہتے ہیں ان کے گھر میں پانی ٹینکر سے آتا ہے، بلاول اپنے وزیر اعلیٰ سے سوال کریں کہ یہ پانی کہاں سے آرہا ہے‘۔

انہوں نے الزام لگایا کہ ’پیپلز پارٹی لندن سے بائیکاٹ کال کے سہارے پر بیٹھی ہے، ڈاکٹر عاصم کے ذریعے 2 ارب روپے دے کر لندن میں پتنگ کو خریدا گیا، ہمارے لوگوں پر ایف آئی آر کاٹی گئی، 15 سال کی ناقص کارگردگی کے بعد لندن کے بائیکاٹ کو ہوا دی جارہی ہے، پیپلز پارٹی لندن میں 2 ارب روپے بھیج کر بائیکاٹ کی کال کرائے گی‘۔

ان کا کہنا تھا کہ ’کراچی کا ووٹ ایم کیو ایم پاکستان اور پتنگ کا ہے، اگر ایک بھی ووٹ آگے پیچھے ہوا تو یہ مجمع آپ کے گھروں میں گھس جائے گا‘۔

تبصرے (0) بند ہیں