مسلم لیگ (ن) کے صدر شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہماری میٹرو بس کا مذاق اڑایا گیا، اس کو جنگلہ بس کہا گیا تھا۔

ڈان نیوز کے مطابق شہباز شریف نے اپنے قومی اسمبلی کے حلقہ 123 میں انتخابی ریلی نکالی۔ گجومتہ سے شروع ہونے والی ریلی پرانہ کاہنہ پر اختتام پذیر ہوئی۔

مختلف مقامات پر کارکنان سے خطاب میں شہباز شریف کا کہنا تھا کہ 8 فروری کو ملک کی تقدیر بدلنے والی ہے، عوام نے مینڈیٹ دیا تو پاکستان کو دوبارہ ترقی و خوشحالی کی راہ پر گامزن کریں گے۔

انہوں نے کہا کہ نواز شریف نے ملک میں عوامی فلاح کے منصوبے لگائے، میٹرو بس کی مخالفت کی گئی، کسی نے کہا جنگلہ بس ہے اور ان پر بے بنیاد الزامات لگائے گئے۔

ان کا کہنا تھا کہ اقتدار ملا تو میٹرو بس کو قصور تک لے کر جائیں گے، لاکھوں نوجوان بچے بچیوں کو لیپ ٹاپ و تعلیمی وظائف دیں گے۔

شہباز شریف نے کہا کہ 8 فروری کو اگر عوام نے نواز شریف کو دوبارہ وزیر اعظم بنایا تو وعدہ کرتا ہوں نواز شریف کی قیادت میں دوبارہ لاکھوں نوجوان بچے بچیوں کو لیپ ٹاپ و تعلیمی وظائف، ہسپتالوں میں مفت ادویات دیں گے۔

پیپلز پارٹی پر تنقید کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پانی کی بات وہ کرتے ہیں جن کے اپنے صوبے میں پانی نہیں ملتا، ادھر تو پانی بھی ملتا ہے اور کھانا بھی ملتا ہے۔

تبصرے (0) بند ہیں