نگران وزیر داخلہ گوہر اعجاز نے کہا ہے کہ صاف و شفاف الیکشن کے انعقاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، کوشش ہے کہ تمام پاکستانی آزادی سے حق رائے دہی استعمال کریں۔

’ڈان نیوز‘ کے مطابق نگران وزیر اطلاعات مرتضیٰ سولنگی کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے گوہر اعجاز نے کہا کہ سندھ میں ایسی صورتحال نظر نہیں آئی کہ سیاسی جماعتوں میں دشمنی ہو، بلوچستان میں پولنگ اسٹیشنز کے درمیان کافی فاصلہ ہے، صوبے میں تمام امیدوار ذمہ داری کا مظاہرہ کر رہے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ ملک کو غیرمستحکم کرنے والی قوتوں سے خطرہ ہے، سیکیورٹی کے لیے پولیس اور آرمڈ فورسز موجود ہیں۔

گوہر اعجاز نے کہا کہ نگران سیٹ ایپ نے اپنی ذمہ داری پوری کردی، کوشش ہے کہ انتخابی عمل میں کوئی جانی نقصان نہ ہو اور تمام پاکستانی آزادی سے حق رائے دہی استعمال کریں۔

انہوں نے کہ کہ صاف و شفاف الیکشن پر کوئی سمجھوتہ نہیں ہوگا، 20 ہزار 985 پولنگ اسٹیشنز حساس ہیں، نارمل پولنگ اسٹیشنز پربھی سیکیورٹی کےکڑے انتظامات ہوں گے۔

اس موقع پر مرتضیٰ سولنگی نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ 8 فروری کو الیکشن سے متعلق کئی افواہیں پھیلائی گئیں، آئین کے تحت یہ ملک منتخب نمائندے ہی چلائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ انتخابات پُرامن طریقے سے ہوں گے، عام انتخابات میں 12 کروڑ سے زائد ووٹرز حق رائے دہی استعمال کر رہے ہیں۔

تبصرے (0) بند ہیں