عید الفطر کی پرمسرت تقریبات آج تیسرے روز بھی جاری رہیں، ملک بھر میں عوام نے اپنے عزیز و اقارب کے گھر اور سیرو تفریح کے مقامات کا رخ کرلیا اور اپنے پیاروں کے ساتھ عید کی تقریبات اور یادگار لمحات سے لطف اندوز ہوئے۔

سرکاری خبررساں ادارے ’ریڈیو پاکستان‘ کی رپورٹ کے مطابق اسلام آباد اور راولپنڈی کے جڑواں شہروں میں لوگوں کی بڑی تعدا د نے لیک ویو پارک، پاکستان مونومنٹ، ایف نائن پارک ، روز اینڈ جسمین گارڈن، ایوب نیشنل پارک اور دیگر پارکس کا رُخ کیا۔

مری میں عید الفطر کے موقع پر جامع حفاظتی انتظامات کیے گئے، لاہور میں سڑکوں پر بے پناہ رش دیکھا گیا، عوام مینار پاکستان، گلشن اقبال اور دیگر سیرو تفریح کے مقامات پر جمع ہوئے۔

کراچی میں لوگوں کی بڑی تعداد نے ساحلِ سمندر کا رخ کرلیا اور اپنے دوستوں اور اہلخانہ کے ہمراہ عید کی چھٹیاں منائیں۔

خیبرپختونخوا میں عوام کی بڑی تعداد اہل خانہ سمیت سوات، کالام، ناران، کاغان، گلیات اور جھیل سیف الملوک جیسے خوبصورت تفریحی مقامات کی سیر سے لطف اندوز ہوئے۔

بلوچستان میں بڑی تعداد میں لوگوں نے عید کے موقع پر زیارت ریذیڈنسی کا دورہ کیا جہاں قائداعظم محمد علی جناح نے اپنی زندگی کے آخری روز بسر کیے تھے، آزادکشمیر اور گلگت بلتستان میں بھی لوگ خوبصورت تفریحی مقامات پر جمع ہوئے۔

تبصرے (0) بند ہیں