عسکری قیادت کا فوج، عوام میں دراڑ ڈالنے کی مذموم مہم کو ناکام بنانے کا عزم

اپ ڈیٹ 16 اپريل 2024
کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا—فوٹو: آئی ایس پی آر
کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا—فوٹو: آئی ایس پی آر
کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا—فوٹو: آئی ایس پی آر
کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا—فوٹو: آئی ایس پی آر

ملک کی عسکری قیادت نے پاک فوج کے خلاف الزامات پر مبنی مہم کو مسترد کرتے ہوئے فوج اور عوام کے درمیان دراڑ ڈالنے کی کوششوں کو ناکام اور ذمے داروں کے خلاف کارروائی کو یقینی بنانے کا عزم ظاہر کیا ہے۔

پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی جانب سے آرمی چیف جنرل عاصم منیر کی زیر صدارت ہونے والی 264 ویں کور کمانڈرز کانفرنس کا اعلامیہ جاری کردیا گیا۔

اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ کور کمانڈرز کانفرنس میں مسلح افواج اور سیکیورٹی اداروں کے شہدا کو خراج عقیدت پیش کیا گیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق کور کمانڈرز کانفرنس میں بشام میں چینی شہریوں پر حملے کی مذمت کی گئی، آرمی چیف نے کہا کہ دہشت گردوں کو کسی صورت حال دوبارہ فعال نہیں ہونے دیا جائے گا، فوج اور سیکیورٹی اداروں کو دہشت گردی کے خلاف قوم کی حمایت حاصل ہے۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ کانفرنس میں مقبوضہ کشمیر میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی مذمت کی گئی۔

آئی ایس پی آر نے کہا کہ فورم نے پاک فوج کے خلاف الزامات پر مبنی مہم کو مسترد کر دیا، اعلامیے میں کہا گیا کہ فوج اور عوام کے درمیان دراڑ کی کوششوں کا ناکام بنائیں گے۔

اعلامیے میں نشاندہی کی گئی کہ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور سیکیورٹی فورسز پر بے بنیاد الزامات عائد کرنا فیشن بن چکا اور یہ عوام و مسلح افواج کے درمیان دوری پیدا کرنے کی بڑی سازش کا حصہ ہے۔

بیان میں کہا گیاکہ ہم ایسی کوششوں کو کامیاب نہیں ہونے دیں گے اور آئین و قانون کے مطابق سخت کارروائی کو یقینی بنایا جائے گا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فورم نے ملک میں پائیدار سماجی اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے حکومت کو مکمل تعاون فراہم کرنے کا عزم کیا، اس تعاون میں غیر قانونی کارروائیاں، بالخصوص اسمگلنگ، ذخیرہ اندوزی، بجلی چوری کی روک تھام اور غیر قانونی طور پر مقیم تمام غیر ملکیوں کی ان کے آبائی وطن محفوظ واپسی کے اقدامات شامل ہیں۔

ترجمان پاک فوج کے مطابق فورم نے افواج پاکستان کی آپریشنل تیاریوں، تربیت اور پیشہ وارانہ مہارتوں پر اطمینان کا اظہار کیا۔

آئی ایس پی آر کے مطابق فورم نے مشرق وسطیٰ میں کشیدگی پر اظہار تشویش بھی کیا۔

ترجمان پاک فوج نے کہا کہ فورم نے فلسطینی عوام کے ساتھ یکجہتی کا اظہار کیا اور غزہ میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں، جنگی جرائم اور نسل کشی کی مذمت کی۔

اعلامیے میں کہا گیا کہ مشرق وسطیٰ فریقین نے تحمل کا مظاہرہ نہ کیا تو وسیع تر علاقائی تنازعہ جنم لے سکتا ہے۔

واضح رہے کہ 13 اپریل کی شب ایران نے اسرائیل پر تقریباً 300 ڈرون اور کروز میزائل فائر کیے تھے، جسے آپریشن ٹرو پرامس کا نام دیا گیا ہے۔

حملے میں اسرائیلی دفاعی تنصیبات اور فوجی ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔

ایرانی میڈیا کے مطابق یہ حملہ یکم اپریل کو اسرائیل کے دمشق میں ایرانی قونصل خانے پر حملے کے جواب میں ہے جس میں ایرانی پاسداران انقلاب کے لیڈر سمیت 12 افراد شہید ہوگئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں