سابق وفاقی وزیر فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اگر پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) اور مولانا فضل الرحمٰن اکٹھے ہوگئے تو یہ حکومت تین سے چار ماہ چلے گی، اسے زیادہ نہیں۔

راولپنڈی کی انسدادِ دہشتگردی عدالت کے باہر میڈیا سے گفتگو ان کا کہنا تھا کہ ہم آج سارے 9 مئی کے کیسز کے سلسلے میں عدالت آئے ہیں، ہم ایک مشکل صورت حال سے گزر رہے ہیں۔

فواد چوہدری نے کہا کہ ہم چاہتے ہیں تلخیاں کم ہوں اللہ آسانیاں پیدا کرے، پی ٹی آئی چھوڑی نہیں، چھوڑ کر جانے والے واپس آ جاتے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ ہماری کہانی ابھی آئی نہیں، کہانی ان کی آئی، جو ٹی وی پر بیٹھ کر بات کرسکتے ہیں، ہماری باری آئے گی تو ہم اپنی کہانی سنائیں گے۔

فواد چوہدری نے کہا کہ موجودہ حکومت کی کوئی ساکھ نہیں، حکومت فارم 47 پر کھڑی ہے، کل مولانا فضل الرحمٰن کی تقریر سب کے سامنے ہے، میرا خیال ہے مولانا صاحب نے فیصلہ کرلیا ہے یہ حکومت ہٹے گی۔

ان کا کہنا تھا کہ اگر پی ٹی آئی اور مولانا اکٹھے ہوگئے تو یہ حکومت تین سے چار ماہ چلے گی، اسے زیادہ نہیں،فواد چوہدری، اس وقت مولانا اور صوبہ خیبر پختونخوا ایک طرف کھڑے ہیں۔

سابق وفاقی وزیر نے کہا کہ پی ٹی آئی کو مولانا صاحب اور سب سے بات کرنی چاہیے۔

تبصرے (0) بند ہیں