لاہور: متحدہ قومی موومنٹ (ایم کیو ایم) کی رکن قومی اسمبلی طاہرہ آصف لاہور کے نجی اسپتال میں زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے انتقال کرگئیں۔

ڈان نیوز کے مطابق طاہرہ آصف کو چار گولیاں لگیں تھیں جبکہ وہ کئی گھنٹوں سے وینٹی لیٹر پر تھیں۔ انہوں نے سوگواران میں دو بیٹے اور ایک بیٹی چھوڑی ہے۔

طاہر آصف بدھ کے روز ڈکیتی کے دوران مزاحمت پر زخمی ہوگئی تھیں۔

انہیں زخمی حالت میں جناح اسپتال سے شیخ زید ہسپتال منتقل کیا گیا تھا جہاں ان کے دو آپریشن ہوئے اور خون کی اٹھائیس بوتلیں بھی لگائی گئیں۔

دوسری جانب متحدہ نے ایم این اے طاہرہ آصف کے قتل پر تین روزہ سوگ کا اعلان کیا ہے۔

ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے طاہرہ آصف پر ہونے والے حملے کو ایک سوچی سمجھی سازش قرار دیا تھا۔

وزیر اعظم نواز شریف نے بھی طاہرہ آصف پر حملے کی شدید مذمت کی تھی۔

ایم کیوایم کی رکن قومی اسمبلی نے انیس سو ستاسی میں اپنے سیاسی کیریئر کا آغاز کیا۔

دو ہزار دو کے بلدیاتی انتخابات میں انہوں نے ناظم کا انتخاب بھی لڑا جبکہ دو ہزار آٹھ میں ایم کیوایم میں شمولیت اختیار کی اور مخصوص نشست پر قومی اسمبلی رکن منتخب ہوئیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں