اعظم سواتی،ڈی جےبٹ سمیت تحریک انصاف کےکارکن رہا

تحریک نصاف کے رہنماؤں کو زشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا ۔۔۔ فوٹو ۔۔۔ اے ایف پی
تحریک نصاف کے رہنماؤں کو زشتہ روز گرفتار کیا گیا تھا ۔۔۔ فوٹو ۔۔۔ اے ایف پی

اسلام آباد: پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے رہنما اعظم خان سواتی اور شبلی فراز کو دو دو لاکھ روپے مچلکوں کے عوض ضمانت پر رہا کر دیا گیا ہے۔

اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر پی ٹی آئی اور پاکستان عوامی تحریک (پی اے ٹی) کے اڈیالہ جیل سے سیکڑوں کارکنوں سمیت دھرنے میں ساونڈ سسٹم فراہم کرنے والے ڈی جے بٹ کو بھی رہائی مل گئی۔

اعظم سواتی اور شبلی فراز کو سخت سیکیورٹی میں اسلام آباد کی ایف ایٹ کچہری میں ڈیوٹی مجسڑیٹ شاہد اختر کے سامنے پیش کیا گیا۔

پولیس نے جوڈیشل ریمانڈ کی استدعا کی جس پر دلائل سننے کے بعد عدالت نے دونوں رہنماوں کو جوڈیشل ریمانڈ پر جیل بھجوانے کا حکم دیا تاہم تحریک انصاف کے وکیل نیاز اللہ نیازی نے درخواست ضمانت دائر کی اور فوری رہائی کا مطالبہ کیا۔

تحریک انصاف کے وکیل نیاز اللہ نیازی نے موقف اختیار کیا کہ تمام دفعات قابل ضمانت ہیں۔

عدالت نے دلائل مکمل ہونے کے بعد فیصلہ محفوظ کر کے تھوڑی ہی دیر بعد فیصلہ جاری کر دیا۔

فیصلیہ جاری ہونے کے بعد تحریک انصاف کے وکیل نیاز اللہ نیازی نے میڈیا سے گفتگو میں بتایا کہ عدالت نے اعظم سواتی،شبلی فراز سمیت رضا حسین کی دو دو لاکھ روپے کے مچلکوں پر رہائی کا حکم جاری کیا ہے۔

ضمانتی مچلکے جمع ہونے کے بعد عدالت سے رہائی ملنے پر تحریک انصاف کے کارکنوں نے اپنے رہنماوں کا نعرے بازی کرکے استقبال کیا۔

اس موقع پر اعظم سواتی کا کہنا تھا کہ عدالتوں نے ہمارے بے گناہ کارکنوں کی رہائی کا حکم جاری کر کے انصاف کا بول بالا کیا ہے۔

اعظم سواتی نے مزید کہا کہ ہم گرفتاریوں اور مقدمات سے پیچھے ہٹنے والے نہیں ہیں، ہم وزیر اعظم نواز شریف کے مستعفی ہونے کے مطالبے سے ایک انچ بھی پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

دوسری جانب دفعہ144 کی خلاف ورزی کرنے پر گرفتار افراد کی اسلام آباد ہائی کورٹ کے حکم پر اڈیالہ جیل راولپنڈی سے رہائی کا عمل شروع کر دیا گیا ہے۔

عدالت کے حکم سے ڈی جے بٹ کو بھی اڈیالہ جیل سے رہائی مل گئی ہے۔

علاوہ ازیں پولیس کا پاکستان تحریک انصاف اور پاکستان عوامی تحریک کے خلاف کریک ڈاون جاری ہے۔

اس سلسلے میں گزشتہ رات سے اب تک 431افراد کو گرفتار کیا جا چکا ہے، جن میں سے 110افراد کو موٹر سائیکل کی ڈبل سواری پر پابندی کی خلاف ورزی پر گرفتار کیا گیا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں