سلمان اور شاہ رخ کیلئے 'پی کے' کا خصوصی شو

اپ ڈیٹ 04 دسمبر 2014
سلمان خان، عامر خان اور شاہ رخ خان — اے ایف پی فوٹو
سلمان خان، عامر خان اور شاہ رخ خان — اے ایف پی فوٹو

سلمان خان اور شاہ رخ خان کے درمیان کئی برسوں کی رنجش کے بعد آخرکار قربت بڑھ گئی ہے اور اس سے سب سے زیادہ خوش مسٹر پرفیکٹ عامر خان ہیں۔

کنگ خان اور دبنگ خان کے درمیان کشیدگی کے خاتمے میں ارپیتا خان کی شادی نے اہم کردار ادا کیا اور وہاں ان دونوں سپر اسٹارز نے اس اچھی خبر کو شیئر کرکے عامر خان کو بھی رات بھر جگائے رکھا۔

گزشتہ دنوں یہ تینوں خان ایک ٹی وی شو آپ کی عدالت میں ایک ساتھ شریک ہوئے اور وہاں خوب ہلّا گُلا کرنے کے ساتھ مسٹر پرفیکٹ کی جلد ریلیز ہونے والی فلم 'پی کے' میں دلچسپی کا اظہار کرتے رہے۔

سلمان اور شاہ رخ کی اس دلچسپی کو محسوس کرتے ہوئے عامر خان نے اپنے ان دونوں قریبی دوستوں کے لیے 'پی کے' کے خصوصی شو کی اسکریننگ کی منصوبہ بندی کی ہے۔

انڈین میڈیا کے مطابق جب ان تینوں سپر اسٹٓارز کی آپ کی عدالت میں ملاقات ہوئی تو انہوں نے 'پی کے' کے حوالے سے کافی تبادلہ خیال کیا۔

عامر خان، سلمان اور شاہ رخ کی دلچسپی کو محسوس کرکے کافی خوش ہوئے اور ان دونوں کے لیے خصوصی شو کی اسکریننگ کا فیصلہ کیا۔

عامر خان اس بار بھی اپنا جلوہ دکھانے آرہے ہیں، بنارسی بابو والا لہجہ، ہیڈ لائٹ جیسی آنکھیں، چہرے پر معصومیت اور قدرے لمبے کانوں کے ساتھ۔

فلم میں عامر خان خدا کو تلاش کرتی دوسرے سیارے کی مخلوق 'پی کے' کا کردار نبھا رہے ہیں، جو کہ انسانوں کو اپنے دلچسپ ملبوسات اور عادتوں سے گرویدہ بنا لیتا ہے۔

'پی کے' میں مسٹر پرفیکشنسٹ کے ساتھ انوشکا شرما پہلی بار جلوہ گر ہو رہی ہیں جبکہ سنجے دت اور سوشانت سنگھ راجپوت نے بھی اہم کردار نبھائے ہیں۔

انوشکا نے اس فلم میں صحافی کا کردار نبھایا ہے جو ان کے لیے کافی چیلنجنگ رہا ہے۔ سوشانت سنگھ راجپوت انوشکا کا بوائے فرینڈ ہوتا ہے، دونوں آپس میں محبت کرتے ہیں مگر انوشکا اس سے شادی نہیں کرتی کیونکہ اس کے رستے میں بہت ساری رکاوٹیں ہوتی ہیں۔

اس کا پیار ‘غیر معمولی خبروں‘ سے بھی ہے جو اسے کھینچ کر ہندوستان لے آتا ہے جہاں وہ فلم کے کر دار، اکا (عامر خان) سے ملتی ہے۔

راج کمار ہیرانی کی ہدایات میں بننے والی یہ فلم 19دسمبر کو سینما گھروں کی زینت بنے گی۔

تبصرے (0) بند ہیں