ملتان: بم کی جھوٹی اطلاع دینے پر 26 سال قید

اپ ڈیٹ 27 دسمبر 2014
فائل فوٹو/ اوپن میڈیا سورس—۔
فائل فوٹو/ اوپن میڈیا سورس—۔

ملتان : صوبہ پنجاب کے شہر ملتان میں بم کی جھوٹی اطلاع دینے پر انسداد دہشت گری کی عدالت نے ایک شخص کو26 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ کی سزا سنا دی۔

نمائندہ ڈان نیوز کے مطابق ہفتے کو انسداد دہشت گردی کی عدالت نمبر ایک نے بم کی جھوٹی اطلاع دینے پر ملتان کے رہائشی رانا یوسف کو 26 سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانے کی سزا سنائی جبکہ اس کے ساتھی کو بری کردیا گیا۔

اگرچہ ملزمان نے اقرارِ جرم نہیں کیا تھا تاہم رانا یوسف پر فرد جرم ثابت ہونے کے بعد اسے سزا سنائی گئی جبکہ اُس کے ساتھی کو شک کا فائدہ دے کر بری کردیا گیا۔

رانا یوسف نے رواں برس 26 جولائی کو حسین آگاہی مارکیٹ میں جبکہ اس سے قبل شاہ شمس پارک میں دو مرتبہ پولیس کو بم کی جھوٹی اطلاع دی تھی، جس پر انتظامیہ کی دوڑیں لگ گئیں تھیں۔

جس کے بعد پولیس کی سائبر کرائم برانچ نے فون نمبر کی مدد سے ملزم کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں