اسلام آباد : پاکستان کے معروف اسپورٹس تجزیہ کار مرزا اقبال بیگ نے گرین شرٹس کی نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست کا ذمہ دار ٹیم منیجمنٹ کو قرار دے دیا ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام خبر سے خبر میں گفتگو کرتے ہوئے مرزا اقبال بیگ نے پے در پے شکست کی وجہ انتظامیہ کی غیر معیاری منصوبہ بندی کو قرار دیا اور کہا کہ سعید اجمل پر پابندی لگ گئی، حفیظ بالنگ نہیں کرسکتے اور جنید ان فٹ ہیں، تو بورڈ سے پوچھا جانا چاہیے کہ اس نے اتنے اہم ایونٹ کے لیے کیا تیاری کی؟

ان کا کہنا تھا کہ عرفان کو پاکستان کا ہتھیار کہا جارہا ہے لیکن ان کی پچھلے 7 میچوں میں کارکردگی کچھ خاص نہیں جب کہ شاہد آفریدی کی باؤلنگ میں بھی تسلسل نہیں ہے۔

بلاول بھٹی کی بری ترین باؤلنگ کارکردگی پر تبصرہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ بلاول بھٹی کو اعتماد ہی نہیں دیا گیا اور اچانک ہی ٹیم میں شامل کرلیا۔

مرزا اقبال بیگ نے کرکٹ بورڈ کی گورننگ باڈی کے ممبران پر بھی کڑی تنقید کرتے ہوئے کہا کہ وہ اپنی بیگمات کے ساتھ ورلڈ کپ دیکھنے جانے کیلئے پر تول رہے ہیں جس کا خرچ 3کروڑ سے زائد ہے۔

ان کے بقول ٹیم کی یہ کارکردگی ہے اور گورننگ بورڈ پی سی بی کے خرچے پر 'جوائے ٹرپ' پر جانے کی تیاری کررہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کرکٹ کا آوے کا آوا ہی بگڑا ہوا ہے اور اس کا اللہ ہی حافظ ہے۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان 15رکنی ٹیم نیوزی لینڈ لے کر گیا لیکن دوسرے ون ڈے میں بھی انہی کھلاڑیوں کو کھلایا گیا جو پہلے میچ میں آزمائے جاچکے تھے۔

انہوں نے قومی کرکٹ ٹیم کے کوچ پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ جب سے وہ ٹیم کے کوچ بنے ہیں پاکستان نے 10 ون ڈے میچز ہارے اور صرف تین جیتے ہیں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں