شاہ رخ کی 'منت' پر میونسپلٹی کی کارروائی

اپ ڈیٹ 14 فروری 2015
شاہ رخ خان کی رہاش گاہ کے باہر غیر قانونی چڑھائی کو مسمار کیا جا رہا ہے—۔فوٹو/ بشکریہ انڈین ایکسپریس
شاہ رخ خان کی رہاش گاہ کے باہر غیر قانونی چڑھائی کو مسمار کیا جا رہا ہے—۔فوٹو/ بشکریہ انڈین ایکسپریس

ممبئی: ہندوستان کے شہر ممبئی کے پوش علاقے باندرا میں واقع بولی وڈ کنگ شاہ رخ خان کے بنگلے 'منت' کے باہر ان کی وین پارکنگ کے لیے قائم کی گئی چڑھائی کو مسمار کردیا گیا ہے۔

ہندوستانی اخبار انڈین ایکسپریس کی ایک رپورٹ کے مطابق باندرا میونسپل کارپوریشن نے ہفتے کو پولیس کی زیر نگرانی یہ کارروائی کی۔

اس موقع پرعلاقے کو خاردار تار لگا کر سیل کردیا گیا تھا ، تاکہ تجاوزات کے خاتمے کا کام کیا جا سکے، جبکہ بڑی تعداد میں علاقہ مکین بھی اس کارروائی کو دیکھنے کے لیے وہاں موجود تھے۔

واضح رہے کہ 'منت' کے باہر قائم کی گئی رکاوٹ کے حوالے سے کافی شکایات موصول ہوئی تھیں، جن میں موقف اختیار کیا گیا تھا کہ شاہ رخ خان نے سرکاری املاک پر قبضہ کر رکھا ہے۔

حکمران جماعت بھارتی جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رکن اسمبلی پونم مہاجن نے بھی بولی وڈ کنگ کے خلاف باندرا کے وزیراعلیٰ کو ایک تحریری درخواست دی تھی جس میں مطالبہ کیا گیا تھا کہ میونسپل کارپوریشن کو اس رکاوٹ کو ختم کرنے کے احکامات جاری کیے جائیں۔

اس غیر قانونی رکاوٹ کو ختم کرنے کے لیے شاہ رخ خان کو گزشتہ ہفتے ایک نوٹس بھی دیا گیا تھا، تاہم اداکار کی جانب سے کوئی ایکشن نہ لیے جانے پر باندرا میونسپل کمیٹی نے پولیس کی نگرانی میں یہ کارروائی کی۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں