خیبرپختونخوا: قطری شہزادے کو 80 ہزار کا جرمانہ

اپ ڈیٹ 10 مارچ 2015
عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے شاہی خاندانوں کے افراد اکثر پاکستان کے مختلف علاقوں میں نایاب پرندوں اور جانوروں کے شکار کے لیے آتے ہیں۔
 — رائٹرز فائل فوٹو
عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے شاہی خاندانوں کے افراد اکثر پاکستان کے مختلف علاقوں میں نایاب پرندوں اور جانوروں کے شکار کے لیے آتے ہیں۔ — رائٹرز فائل فوٹو

پشاور: خیبر پختونخوا کی حکومت نے پرندوں کا غیر قانونی شکار کرنے پر قطر کے ایک شہزادے پر 80 ہزار روپے کا جرمانہ عائد کردیا ہے۔

قطری شہزادے کو تین شکاری بازوں کے ساتھ ڈیرہ اسماعیل خان سے گرفتار کیا گیا تھا جس کے بعد اس حوالے سے پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے اپنے ٹوئٹر آکاونٹ پر پیغامات بھی جاری کیے۔

عمران خان کا کہنا تھا کہ کے پی حکومت صوبے میں موجود نایاب جانوروں کو بچانے کی ہر ممکن کوشش کررہی ہے لیکن وفاق میں حکمران جماعت مسلم لیگ ن نے ان پرندوں کے شکار کیلئے لائسنس اور پرمنٹ جاری کردیئے ہیں، جو قانون کی کھلی خلاف ورزی ہے۔

خیبرپختونخوا حکومت کی جانب قطری شہزادے کو گرفتار اور جرمانہ کرنے پر پی ٹی آئی کے سربراہ کا کہنا تھا کہ ’یہی نئے اور پرانے پاکستان میں فرق ہے‘۔

عرب ممالک سے تعلق رکھنے والے شاہی خاندانوں کے افراد اکثر پاکستان کے مختلف علاقوں میں نایاب پرندوں اور جانوروں کے شکار کے لیے آتے ہیں۔

شکار کے سیزن میں قطر، متحدہ عرب امارات اور سعودی عرب کے شاہی خاندان بلوچستان کے علاقوں دالبدین، چاغی او دیگر علاقوں کا رخ کرتے ہیں۔

مزید پڑھیں: ' سعودی شہزادے بلوچستان میں تلور کا شکار کرنے نہیں آئے'

پاکستان میں ان شہزادوں کو جن نایاب نسل کے پرندوں کے لائسنس جاری کیے گئے ہیں ان میں بلوچستان میں موجود تلور بھی شامل ہے۔

یہ بھی پڑھیں: ایک کروڑ روپے میں مارخور کا شکار

پاکستان آنے والے شاہی خاندانوں کے مقامی علاقوں میں موجود قبائلی سرداروں کے ساتھ روابط قائم ہیں جو ان کو شکار میں مدد فراہم کرتے ہیں۔

تبصرے (1) بند ہیں

Israr Muhammad Khan Yousafzai Mar 11, 2015 12:00am
اگر انکے ساتھ اجازت تھا تو پھر جرمانہ غیرقانونی ھے اور صرف نمبر بنانا مقصد ھے اور دوست ممالک کے ساتھ تعلقات خراب کرنے کی کوشش ھے عمران کو ان چھوٹی چھوٹی باتوں سے کچھ نہیں ملیگا جن باتوں اور وعدوں سے انہوں نے عوام سے ووٹ لیا تھا انکی طرف توجہ دینے کی ضرورت ھے تبدیلی انقلاب کے انتظار میں عوام بیٹھی ھے عمران کو دھاندلی فراڈ کے خودساختہ چکروں سے نکلنا ھوگا ورنہ پختون ووٹ دینے میں کسی کا لحاظ نہیں کرتے