یمن میں پھنسے پاکستانیوں کو واپس لانے کی ہدایت

27 مارچ 2015
وزیراعظم نواز شریف — فائل فوٹو
وزیراعظم نواز شریف — فائل فوٹو

وزیراعظم نواز شریف نے کشیدہ صورتحال کے باعث یمن میں پھنسے پاکستانیوں کے فوری انخلاء کی ہدایت کر دی ہے، دوسری جانب ڈان نیوز سے خصوصی گفتگو میں یمن میں تعینات پاکستانی سفیر نے کہا ہے کہ یمنی دارالحکومت میں 15 سو سے زائد پاکستانیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں۔

وزیراعظم ہائوس سے جاری بیان کے مطابق میاں نواز شریف نے نےصنعامیں پھنسے پندرہ سوسے زائد پاکستانیوں کے فوری انخلا کی ہدایت کردی ہے۔

نوازشریف نے ہدایت دی ہے کہ یمن کی کشیدہ صورتحال کے باعث پاکستانیوں کو جنگی بنیادوں پر بحفاظت وطن واپس لایا جائے۔

انہوں نے کہا کہ یمن میں ریاستی نظام منہدم ہوجانے سے وہاں موجود پاکستانی اغوا سمیت ہر قسم کے جرائم کا ہدف بن سکتے ہیں۔

واضح رہے کہ یمنی دارالحکومت صنعاء پر سعودی عرب کی بمباری سے پاکستانی پھنس کر رہ گئے ہیں۔

دوسری جانب یمن میں تعینات پاکستانی سفیرعرفان یوسف شامی کا ڈان نیوز سےگفتگو میں کہنا تھا کہ یمنی دارالحکومت میں پندرہ سو سے زائد پاکستانیوں کی زندگیاں خطرے میں ہیں جو یمن سے انخلا کیلئے اسلام آباد سے جہاز کی منتظر ہے۔

پاکستانی سفیر نے واضح کیا کہ یمن کے دارلحکومت صنعا میں پاکستانی سفارتخانہ حالت جنگ میں بھی کام کرتا رہے گا۔

پاکستانی سفیر یوسف شامی نے کہا کہ یمن میں موجود پاکستانی کمیونٹی کو جس قدر جلد ممکن ہو صنعا سے نکل جانے چاہیئے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں