یمن سے 176 پاکستانیوں کی وطن آمد

اپ ڈیٹ 03 اپريل 2015
پی آئی اے کا طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا—۔ڈان نیوز اسکرین گریب
پی آئی اے کا طیارہ اسلام آباد پہنچ گیا—۔ڈان نیوز اسکرین گریب

اسلام آباد:پاکستان انٹرنیشنل ایئر لائنز (پی آئی اے) کا طیارہ یمن سے انخلاء کرکے افریقی ملک جبوتی پہنچنے والے 176 پاکستانیوں کو لے کر اسلام آباد پہنچ گیا ۔

اسلام آباد ائرپورٹ پر لینڈنگ کے بعد حکومتی نمائندوں نے ان کا استقبال کیا جن میں وزیر دفاع خواجہ آصف، مشیر ہوابازی شجاعت عظیم اور چیئرمین پی آئی اے ناصر این ایس جعفر بھی شامل تھے۔

یمن سے لوٹنے والے پاکستانی—۔ڈان نیوز اسکرین گریب
یمن سے لوٹنے والے پاکستانی—۔ڈان نیوز اسکرین گریب

وطن لوٹنے والے پاکستانیوں کو خصوصی بسوں کے ذریعے ائرپورٹ سے روانہ کیا گیا۔

جبکہ ائرپورٹ پر واپس آنے والوں کے لواحقین کی بڑی تعداد موجود تھی۔

اس موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے وزیر دفاع خواجہ آصف کا کہنا تھا کہ بیشتر پاکستانیوں کو یمن سے نکال لیا گیا ہے اور امید ہے کہ چندروز میں تمام پاکستانیوں کویمن سے واپس لےآئیں گے۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نواز شریف خود یمن سے پاکستانیوں کے انخلا کے آپریشن کی نگرانی کررہے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں : یمن سے 503 پاکستانی کراچی پہنچ گئے

وزارت خارجہ کے مطابق جمعرات کے روز 186افراد چینی بحری جہاز کے ذریعے جبوتی پہنچے تھے۔

واضح رہے کہ یمن میں محصور پاکستانیوں کو بحری جہاز کے ذریعے عدن سے جبوتی لایا گیا تھا جنہیں جبوتی سے پی آئی اے کی ایئربس سے وطن واپس لایا گیا۔

علاوہ ازیں یمن کے ساحلی شہر مکلا میں 175 افردا انخلاء کے منتظر ہیں، ان افراد کو پاکستان لانے کے لیے پاکستان بحریہ کا ایک فریگیٹ وہاں پہنچ چکا ہے مگر ساحل کے قریب خطرات کے باعث یہ فریگیٹ ساحل تک نہیں جا سکا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز القاعدہ نے مکلا کی ایک جیل توڑ کر اپنے 300 ساتھیوں کو فرار کروا لیا تھا۔

یمن کے دارالحکومت صنعاء میں بھی 145 پاکستانی موجود ہیں جو زمینی سفر کرنے سے قاصر ہیں، ان کا مطالبہ ہے کہ انھیں ہوائی جہاز کے ذریعے وہاں سے پاکستان منتقل کیا جائے

مزید پڑھیں : یمن میں 400 پاکستانی انخلاء کے منتظر

یاد رہے کہ یمن میں 3000 پاکستانی موجود تھے جن میں سے ایک ہزار سے زائد ملک چھوڑنے کی کوشش کر رہے ہیں۔

جبکہ یمن سے 500 کے قریب شہریوں کو لے کر ایک جہاز کراچی آ چکا ہے۔

یمن کے دارالحکومت اور بڑے رقبے پر حوثی باغیوں نے قبضہ کر لیاتھا جس کے بعد سعودی عرب کی جانب سے باغیوں کا قبضہ ختم کرنے کے لیے آپریشن کا آغاز کیا گیا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں