زلزلے کی صورت میں احتیاطی تدابیر

29 اپريل 2015
نیپال میں زلزلے کے بعد کا ایک منظر — رائٹرز فوٹو
نیپال میں زلزلے کے بعد کا ایک منظر — رائٹرز فوٹو

گزشتہ دنوں نیپال میں 7.9 شدت کے تباہ کن زلزلے کے نتیجے میں پانچ ہزار کے لگ بھگ افراد ہلاک ہوگئے جبکہ مالی نقصانات کا تخمینہ تو ابھی لگایا ہی نہیں جاسکتا۔

زلزلہ ایک ایسی قدرتی آفت ہے جو کبھی بھی اور کہیں بھی تباہی مچا دیتی ہے اور اس کی قبل از وقت پیشگوئی بھی ممکن نہیں ہوتی لہذا لوگوں کے لیے ضروری ہے کہ وہ اس حوالے سے احتیاطی تدابیر سے واقف ہوں۔

ایسے ہی چند نکات درج ذیل دیئے جارہے ہیں جو کسی زلزلے کے دوران آپ کو کسی حد تک تحفظ فراہم کرسکتے ہیں۔

  • اگر زلزلہ آجائے تو فوری طور پر ہاتھوں اور پیروں کے بل زمین پر بیٹھ جائیں اور کسی ڈیسک یا میز کے نیچے پناہ لے لیں اور جھٹکے رکنے تک وہاں سے باہر نہ نکلیں۔

  • اپنے سر اور گردن کو تکیے یا ہاتھوں سے تحفظ فراہم کریں۔

  • اگر آپ کسی چھت کے نیچے ہیں تو اس وقت تک باہر جانے کی کوشش نہ کریں جب تک زلزلہ تھم نہ جائے اس کے بعد ہی باہر نکلنا محفوظ ہوتا ہے۔

  • زلزلے کے دوران فرنیچر سے دور رہیں تاکہ وہ لڑھک کر آپ پر گر نہ سکے۔

  • اسی طرح کھڑکی کے قریب جانے سے گریز کریں کیونکہ زلزلے سے شیشہ ٹوٹنے کا خطرہ ہوتا ہے جس سے آپ زخمی بھی ہوسکتے ہیں۔

  • اگر موقع ملے تو فوری طور پر گھر کے گیس کے کنکشن کو والو کے ذریعے بند کردیں۔

  • اگر آپ کسی اپارٹمنٹ بلڈنگ میں رہتے ہیں تو زلزلے کے دوران لفٹ کا استعمال نہ کریں کیونکہ اس کے جام ہونے کا خطرہ ہوتا ہے۔

  • اپنے پاس بیٹری سے چلنے والے ریڈیو کی موجودگی کو یقینی بنائیں تاکہ کسی تباہی یا ملبے میں دب جانے کی صورت میں تازہ ترین اطلاعات و ہدایات ملتی رہیں۔

  • اگر آپ گھر سے باہر ہیں تو کسی ایسی جگہ رک جائیں جس کے قریب عمارت، درخت اور بجلی کی تاریں نہ ہو۔

  • اگر آپ گاڑی چلا رہے ہیں تو اس کی رفتار کم کردیں اور محفوظ جگہ کا رخ کریں، اپنی گاڑی سے اس وقت تک نہ نکلیں جب تک زلزلے کے جھٹکے ختم نہ ہوجائیں اور خاص طور پر پلوں اور بجلی کی تاروں کے قریب سے نہ گزریں۔

  • اگر بجلی کا تار ٹوٹ کر آپ کی گاڑی پر گرجائے تو بدحواسی میں باہر نکلنے کی بجائے مدد آنے تک اندر ہی انتظار کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں