قندھار: افغانستان کےجنوبی صوبے ہلمند میں ایک گاڑی کے سڑک کنارے بم سے ٹکرانے پر خواتین اور بچوں سمیت ایک ہی خاندان کے کم از کم 14 افراد ہلاک ہو گئے۔

ہلمند کے مرجا ضلع میں ہونے والا یہ بم دھماکا ماہ رمضان شروع ہونے کے بعد ملک کا سب سے بڑا واقعہ ہے۔

صوبائی گورنر محمد جان رسول یار نے اے ایف پی کو بتایا کہ سڑک کنارے بم دھماکے کی وجہ سے ایک ہی خاندان کے 14 افراد ہلاک جبکہ 5 زخمی ہوئے۔

صوبے کے پولیس سربراہ نبی جان ملا خیل واقعہ میں 16 ہلاکتوں اور تین زخمیوں کا دعوی کر رہے ہیں۔

علاقے کے قبائلی رہنما حاجی فتح محمد نے بتایا کہ تباہ حال گاڑی سے انہوں نے 15 لاشیں نکالیں۔ ابھی تک کسی گروپ نے واقعہ کی ذمہ داری قبول نہیں کی۔

افغانستان میں اقوام متحدہ کے مشن نے بتایا کہ رواں سال طالبان حملوں میں اضافے کی وجہ سے شہری ہلاکتوں میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آیا۔

مشن کے مطابق، رواں سال کے پہلے چار مہینوں میں تقریباً ایک ہزار شہری ہلاکتیں ہو چکی ہیں،جو پچھلے سال اسی دورانیے سے کہیں زیادہ ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں