کے پی ناظمین انتخابات: پی ٹی آئی نے بازی جیت لی

اپ ڈیٹ 31 اگست 2015
پی ٹی آئی نے نو، جماعت اسلامی نے  چار جبکہ ن لیگ نے چار اضلاع میں کامیابی حاصل کی— فائل فوٹو
پی ٹی آئی نے نو، جماعت اسلامی نے چار جبکہ ن لیگ نے چار اضلاع میں کامیابی حاصل کی— فائل فوٹو

پشاور : خیبرپختونخوا میں ناطمین کے انتخاب سے بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ مکمل ہوگیا، جس میں پاکستان تحریک انصاف نے دس اضلاع پشاور، نوشہرہ، چارسدہ، ڈیرہ اسمعیل خان، کرک، ٹانک، تورغر، ایبٹ آباد اور بٹگرام میں کامیابی حاصل کی۔

پشاور سمیت خیبرپختونخوا کے 23اضلاع میں بلدیاتی انتخابات کا آخری مرحلہ مکمل ہوگیا اور غیر حتمی غیر سرکاری نتائج کے مطابق صوبائی دارلحکومت پشاور میں تحریک انصاف نے میدان مار لیا، ضلع ناظم محمد عا صم خا ن اورنائب ناظم قاسم علی شاہ سمیت تین ٹاونز میں بھی ناظمین اور نائب ناظمین تحریک انصاف ہی کے منتخب ہوئے۔

پشاور ٹاون ون میں تحریک انصاف کے زاہد ندیم ناظم اور محمدشعیب نائب ناظم، ٹاون ٹو سے تحریک انصاف کے حاجی فریداللہ ناظم اورسید نعیم نائب ناظم ، ٹاون تھری سے پی ٹی آئی ہی کے محمد علی ارباب ناظم اور وہاب خلیل نائب ناظم منتخب ہوگئے جبکہ ٹاون فور سے ن لیگ کے ہارون صفت ناظم اور جے یو آئی کے ارباب کمال نائب ناظم چن لئے گئے۔

ادھر ضلع نوشہرہ میں وزیراعلٰی پرویزخٹک کے بھائی لیاقت خٹک ناظم اور اشفاق احمد نائب ناظم منتخب ہوگئے۔

چارسدہ سے تحریک انصاف کے فہد خان ضلعی ناظم اور جماعت اسلامی کے مصورشاہ نائب ناظم، ہنگو میں جے یوآئی کے مفتی عبیداللہ ضلعی ناظم منتخب ہوگئے۔

کوہاٹ سے جے یوآئی کے مولانا نیاز محمد ضلعی ناظم اور ن لیگ کے عبدالرشید نائب ناظم بن گئے۔ اسی جماعت کے امیدوار لکی مروت میں بھی کامیاب رہے۔

چترال سے جماعت اسلامی کے حاجی مغفرت شاہ ضلعی ناظم اور جے یو آئی(ف)کے عبدالرحمان نائب ناظم منتخب ہوگئے۔

اسی طرح ٹانک سے پی ٹی آئی کےمصطفیٰ خان کنڈی ضلعی ناظم منتخب ہو ئے، جبکہ سوات سے ن لیگ کےامیدوارمحمدعلی شاہ خان ضلعی ناظم اور اےاین پی کےعبدالجبار خان نائب ناظم منتخب ہوئے۔

ہری پور سے پی ٹی آئی امیدوارعادل اسلام ڈسٹرکٹ ناظم منتخب ہوئے۔ چترال کے ساتھ ساتھ بونیر، اپر دیر، لوئر دیر سے بھی جماعت اسلامی کے امیدوار ناظمین بننے میں کامیاب رہے جبکہ ن لیگ نے شانگلہ اور مانسہرہ میں میدان مارلیا۔

پاکستان پیپلزپارٹی اور اے این پی نے دو، دو اضلاع میں کامیابی حاصل کی۔

خیال رہے کہ بنوں اور کوہستان کے اضلاع میں سیکیورٹی وجوہات کے باعث انتخابات کا انعقاد نہیں ہوا تھا۔

عمران خان کا بیان

دوسری جانب چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے اپنے ایک بیان میں لوکل باڈیز الیکشنز کے کامیاب انعقاد پر خیبر پختونخواہ حکومت کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا ہے کہ خواتین سمیت 40 ہزار افراد کو با اختیار بنانا ملک کی جمہوری تاریخ میں اہم سنگ میل کی حیثیت رکھتا ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف نے مالی اور انتظامی اختیارات کی نچلی سطح تک منتقلی کا وعدہ پورا کر دیا ہے، صوبائی حکومت اپنے وسائل کا 30 فیصد مقامی نمائندوں کے لیے مختص کر چکی ہے۔

عمران خان نے کہا کہ کسی اور صوبے میں صحیح معنوں میں مقامی حکومتوں کا نظام قائم نہیں کیا گیا۔

چیئرمین تحریک انصاف نے واضح کیا کہ خیبر پختونخواہ سے نئے پاکستان کی تعمیر کا آغاز کیا جا چکا ہے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں