اسلام آباد : حج کے دوران منیٰ میں بھگدڑ سے آٹھ پاکستانیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق ہوگئی ہے۔

ترجمان دفتر خارجہ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق سانحہ منیٰ میں آٹھ پاکستانی جاں بحق اور 6زخمی ہوئے۔

انہوں نے بتایا کہ حج ڈائریکٹوریٹ اور پاکستانی سفارتخانے کی ایک ٹیم سفیر منظور الحق قریشی کے ساتھ مردہ خانے میں موجود ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پاکستانی سفیرحج ڈائریکٹوریٹ کی ٹیم کے ہمراہ مردہ خانے میں میتوں کی شناخت کررہے ہیں۔

ترجمان کا کہنا تھا کہ سانحے کے بعد سے لاپتہ پاکستانیوں کی تلاش کے لیے ہر ممکن اقدامات کیے جارہے ہیں تاہم ضروری نہیں کہ حجاج کے لاپتہ ہونے کا تعلق سانحے سے ہو۔

انہوں نے کہا کہ اکثر حجاج دوران حج اپنے خاندانوں سے الگ ہوجاتے ہیں اور بعد میں مل جاتے ہیں۔

انہوں نے مزید بتایا کہ اب تک ایسے 86 لاپتہ افراد اپنے خاندانوں سے دوبارہ مل چکے ہیں جبکہ دیگر کی تلاش کا کام جاری ہے۔

ترجمان کے مطابق ہم باقی لاپتہ افراد کے تحفظ کی دعا کرتے ہیں اور توقع کرتے ہیں کہ وہ جلد مل جائیں گے۔

یاد رہے کہ گزشتہ روز منیٰ میں بڑے شیطان کو کنکریاں مارنے کے عمل "رمی" کے دوران بھگدڑ مچنے سے 717 حجاج جاں بحق جب کہ 863 زخمی ہوئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (1) بند ہیں

Muhammad Ayub Khan Sep 26, 2015 01:41am
WE MUST NOT HEAR STAMPED NEXT YEAR. HAJJ MUST NOT BECOME ANNUAL STAMPEDE MATRATHON. EITHERV ILL TRAINED SAUDI POLICE/MANAGEMENT BE REPLACED BY MORE CAPABLE AND TRAINED MANAGEMENT OR MUSLIMS FROM OTHER NATIONS SHOULD HELP TRAIN THESE PEOPLE.