’سانحہ منیٰ میں 99 پاکستانی جاں بحق ہوئے‘

اپ ڈیٹ 13 اکتوبر 2015
29 افراد ایسے ہیں جن کے اہلخانہ نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ۔۔۔ فائل فوٹو: اے پی پی
29 افراد ایسے ہیں جن کے اہلخانہ نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی ۔۔۔ فائل فوٹو: اے پی پی

اسلام آباد: وفاقی وزیر مذہبی امور سردار یوسف نے کہا ہے کہ سانحہ منیٰ میں 99 پاکستانی جاں بحق ہوئے جبکہ 18 تاحال لاپتہ افراد کی تلاش جاری ہے۔

چیئرمین رضا ربانی کے زیر صدارت سینیٹ کے اجلاس میں پالیسی بیان دیتے ہوئے سردار یوسف نے بتایا کہ 99 میں سے 70 جاں بحق پاکستانی حاجیوں کی تصدیق کے تدفین کردی گئی جبکہ جاں بحق ہونے والے مزید حجاج سے متعلق سعودی عرب کی جانب سے تصدیق کا عمل جاری ہے۔

انہوں نے بتایا کہ 29 افراد ایسے ہیں جن کے اہلخانہ نے ان کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی۔

سردار یوسف کا کہنا تھا کہ سانحے میں زخمی ہونے والے 45 زخمیوں کو ہسپتال سے فارغ کردیا گیا ہے جبکہ لاپتہ 18 پاکستانی حجاج کی تلاش کا عمل جاری ہے۔

وزیر مذہبی امور کے بیان پر اپوزیشن اراکین نے مایوسی کا اظہار کیا اور اجلاس سے علامتی واک آؤٹ کیا۔

پیپلز پارٹی کے سینیٹر فرحت اللہ بابر کا کہنا تھا کہ وفاقی وزیر کو اس وقت تک سعودی عرب میں رہنا چاہیے تھا جب تک تمام لاپتہ حاجیوں کا پتہ نہیں چل جاتا۔

یہ پڑھیں : سانحہ منیٰ: جاں بحق حجاج کی تعداد 769 ہوگئی

واضح رہے کہ وزارت مذہبی امور کی ویب سائٹ پر موجود آخری فہرست میں سانحہ منیٰ میں جاں بحق ہونے والے پاکستانیوں کی تعداد 97 بتائی گئی ہے۔

چند روز قبل امریکی خبر رساں ادارے (اے پی) کی رپورٹ میں انکشاف کیا گیا تھا کہ منیٰ کے بھگدڑ حادثے میں 19 ممالک کے 1400 سے زائد افراد جاں بحق ہوئے جن میں سب سے زیادہ تعداد ایرانی حاجیوں کی تھی۔

خیال رہے کہ منیٰ حادثہ 24 ستمبر کو رمی کے دوران بھگدڑ مچنے سے پیش آیا تھا جس کے بعد حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کی تصدیق کا عمل تاحال جاری ہے جبکہ سعودی عرب کی جانب سے 769 حاجیوں کے جاں بحق ہونے کی تصدیق کی گئی ۔

پاکستان سے رواں برس ایک لاکھ 43 ہزار 6 سو 68 عازمین حج کی ادائیگی کے لیے گئے تھے جن کی واپسی کا عمل جاری ہے.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں