’سشما سوراج کل پاکستان آئیں گی‘

اپ ڈیٹ 07 دسمبر 2015
مشیر خارجہ سرتاج عزیز — فائل فوٹو/ اے پی
مشیر خارجہ سرتاج عزیز — فائل فوٹو/ اے پی

اسلام آباد: وزیراعظم کے مشیر برائے خارجہ امور سرتاج عزیز نے ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کے دورہ پاکستان کی تصدیق کرتے ہوئے کہا ہے کہ اُن کے دورے کے دوران دونوں ممالک کے درمیان مذاکرات کی بحالی پر بات ہوگی۔

اسلام آباد میں 'ترقی میں کمیونٹی کے کردار' پر کانفرنس سے خطاب کے بعد میڈیا سے بات کرتے ہوئے مشیر خارجہ سرتاج عزیز نے کہا کہ وزیر اعظم نواز شریف کی پیرس میں ہندوستانی وزیراعظم نریندرا مودی کے ساتھ ملاقات انتہائی اہم تھی جس میں ہندوستانی وزیراعظم نے اعلیٰ سطحی ملاقات سے قبل قومی سلامتی کے مشیروں کی ملاقات پر زور دیا تھا۔

انہوں نے کہا کہ دونوں ممالک کے درمیان دو طرفہ ملاقاتوں سے ڈیڈلاک کم ہوا ہے، تاہم ملاقاتوں سے جامع مذاکراتی عمل کی بحال پر بات کرنا قبل از وقت ہے جبکہ سلامتی مشیروں کی ملاقات میں پاک ۔ ہندوستان کرکٹ پر بات نہیں ہوئی۔

مشیر خارجہ کا کہنا تھا کہ ہندوستانی وزیر خارجہ سشما سوراج کل (8 دسمبر کو ) پاکستان آرہی ہیں، اس دوران اُن سے مذاکرات کی بحالی پر بات ہوگی، جبکہ سشما سوراج وزیراعظم نواز شریف سے بھی ملاقات کریں گی۔  

افغان صدر کا دورہ پاکستان

افغان صدر اشرف غنی کے دورہ پاکستان کے حوالے سے سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ افغان صدر بدھ کو پاکستان کا دورہ کریں گے.

ان کا کہنا تھا کہ افغان طالبان سے مذاکرات کے بغیر افغانستان میں امن ممکن نہیں اس لیے اشرف غنی کے ساتھ ملاقاتوں میں مفاہمتی عمل کی بحالی پر بات ہوگی۔

کیلی فورنیا واقعے پر تعاون

مشیر برائے امورِ خارجہ سرتاج عزیز کا کہنا تھا کہ کیلی فورنیا میں فائرنگ کے واقعے پر افسوس ہے اور اگر امریکا نے اس حوالے سے رابطہ کیا تو تعاون کیا جائے گا.

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں