ایشوریا کا 'تمام مردوں' سے مقابلہ

08 دسمبر 2015
بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن — فائل فوٹو/ اے ایف پی
بولی وڈ اداکارہ ایشوریا رائے بچن — فائل فوٹو/ اے ایف پی

ممبئی: بچن خاندان کی بہو اور کئی سالوں بعد فلم ’جذبہ‘ سے بولی وڈ کی دنیا میں دوبارہ قدم رکھنے والی ایشوریا رائے بچن آتے ہی دیگر اداکاراؤں کو پیچھے چھوڑتے ہوئے ’بگ اسٹار انٹرٹینمنٹ ایوارڈز 2015‘ میں ایکشن رول کے لیے بہترین ایکٹر۔ میل/فیمل کیٹیگری کے لیے نامزد ہوگئیں۔

انڈین ایکسپریس کی رپورٹ کے مطابق ایشوریا اداکاراؤں میں وہ واحد اداکارہ ہیں جو ایوارڈ تقریب کی اس کٹیگری کے لیے نامزد ہوئی ہیں اور اب ان کا مقابلہ تمام مرد اداکاروں سے ہے۔

بہترین ایکشن رول کے لیے فلم ’گبر از بیک‘ کے لیے اکشے کمار، فلم ’تیور‘ کے لیے ارجن کپور، فلم ’بدلہ پور‘ کے لیے ورون دھون اور فلم ’فینٹم‘ کے لیے سیف علی خان کو نامزد کیا گیا ہے۔

واضح رہے کہ فلم ’جذبہ‘ میں ایشوریا نے ایک کرمنل وکیل کا کردار ادا کیا ہے، جسے بیٹی کی جان کے بدلے میں اغواکاروں کی جانب سے کیس ہارنے کی دھمکی دی جاتی ہے۔

فلم میں عرفان خان، شبانہ اعظمی اور جیکی شیروف نے بھی اداکاری کے جوہر دکھائے ہیں۔

بگ اسٹار انٹرٹینمنٹ ایوارڈز کی یہ تقریب رواں ماہ کے آخر میں منعقد ہوگی۔

ایشوریا رائے بچن اب کرن جوہر کی فلم ’اے دل ہے مشکل‘ میں جلوے بکھیرتی نظر آئیں گی۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں