افغان خفیہ ایجنسی کے سربراہ مستعفی

اپ ڈیٹ 10 دسمبر 2015
۔ — فائل فوٹو
۔ — فائل فوٹو

کابل:افغان خفیہ ایجنسی نیشنل ڈائریکٹوریٹ آف سیکیورٹی کے سربراہ رحمت اللہ نبیل صدر اشرف غنی کے ساتھ’پالیسی اختلافات‘ پر اپنے عہدے سے مستعفی ہو گئے۔

جمعرات کو دیا جانے والا استعفیٰ ایک ایسے وقت پر سامنے آیا جب حکومت کو حالیہ مہینوں میں طالبان عسکریت پسندوں کے شمالی شہر قندوز پر قبضے اور قندھار ہوائی اڈے پر دھاوے کی صورت میں شدید دھچکے پہنچے ہیں۔

نبیل نے میڈیا کو بھجوائے استعفیٰ میں کہا کہ گزشتہ کچھ مہینوں سے ’کچھ پالیسی معاملات پر نا اتفاقی‘ رہی ہے اور صدر نے ان کا کام کرنے کی اہلیت پر ناقابل قبول قدغن عائد کی تھیں۔

سرکاری حکام کے مطابق، صدر نے استعفی منظور کر لیا جبکہ نئی تقرری پر غور بھی ہو چکا۔

افغان طلوع نیوز نے این ڈی ایس ذرائع کے حوالے سے بتایا کہ نبیل کے نائب مسعود اندرابی کو قائم مقام سربراہ مقرر کیا جا چکا ہے۔

این ڈی ایس چیف کے استعفی سے ایک دن قبل اشرف غنی اسلام آباد میں ’ہارٹ آف ایشیا‘ کانفرنس میں طالبان کے ساتھ مذاکرات شروع کرنے پر آمادگی کے بعد واپس لوٹے تھے۔

آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں