’اب کبھی دادی نہیں بنوں گا'

15 جنوری 2016
علی اصغرمزاحیہ شو 'کامیڈی نائٹس وِد کپل' میں 3 سال سے 'دادی' کا کردارادا کررہے ہیں—۔اسکرین گریب
علی اصغرمزاحیہ شو 'کامیڈی نائٹس وِد کپل' میں 3 سال سے 'دادی' کا کردارادا کررہے ہیں—۔اسکرین گریب

ہندوستانی ٹی وی چینل 'کلرز' کے مقبول مزاحیہ شو ’کامیڈی نائٹس ود کپل‘ میں 'دادی' کے کردار کے ذریعے شہرت کی بلندیوں پر پہنچنے والے اداکار علی اصغر کا کہنا ہے کہ وہ اب دوبارہ کبھی ’دادی‘ نہیں بنیں گے.

ٹائمز آف انڈیا کے مطابق علی اصغر کا کہنا تھا کہ وہ 3 سال سے 'دادی' کا کردار ادا کرتے آرہے ہیں اور اب شو بند ہونے کے ساتھ ہی وہ بھی اس کردار کو دوبارہ ادا نہیں کریں گے۔

علی کا مزید کہنا تھا ’مجھے اب دادی کا کردار ادا نہیں کرنا، میں جانتا ہوں کپل شرما بہت جلد ایک نئے شو کے ساتھ آرہے ہیں لیکن میں اب اس میں شریک نہیں ہوں۔ میری توجہ میرے آنے والے شو پر ہوگی۔ مجھے لگتا ہے کہ شو صحیح وقت پر ختم کیا جارہا ہے اور اس کے اداکاروں کو جو حاصل کرنا تھا وہ کرچکے ہیں‘۔

شو کے دوسرے اداکاروں کے حوالے سے علی کا کہنا تھا ’باقی اداکار اس شو میں مختلف کردار ادا کرنے کی کوشش کرتے رہتے ہیں البتہ میں 3 سال سے 'دادی' کا کردار ہی کررہا ہوں۔ اب شو کسی اور چینل پر نشر کیا جائے گا اور اگر میری جگہ کوئی اور 'دادی' کا کردار ادا کرے تو مجھے کوئی مسئلہ نہیں‘۔

مزید پڑھیں: 'کامیڈی نائٹس وِد کپل' کی 'پلک' گرفتار

واضح رہے کہ دو روز قبل شو میں ’پلک‘ کا کردار ادا کرنے والے کیکو شردھا کو مبینہ طور پر روحانی تنظیم ڈیری سچا سودا کے پیشوا گرمیت رام رحیم سنگھ کی نقل اتارنے اور ان کے پیروکاروں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے پر گرفتار کرلیا گیا تھا۔

دوسری جانب رپورٹس کے مطابق کامیڈی نائٹس ود کپل شو کی آخری قسط 17 جنوری کو نشر کی جائے گی۔

شو بند ہونے کی وجہ اس کے میزبان کپل شرما کی چینل انتظامیہ سے ناراضگی بتائی گئی ہے.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں.

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں