پیر سے ملک میں تین روزہ پولیو مہم

14 فروری 2016
۔ — اے پی پی فائل فوٹو
۔ — اے پی پی فائل فوٹو

اسلام آباد: پولیو کے خاتمے کیلئے پیر سے ملک بھر میں تین روزہ ویکسی نیشن مہم شروع ہونے جا رہی ہے۔

سرکاری ذرائع کے مطابق، رواں سال وائرس کے مکمل خاتمے کی امید کے ساتھ ہزاروں پولیو ٹیمیں بنا دی گئی ہیں۔

یونیسف حکام کا کہنا ہے کہ 2015 میں ریکارڈ ہونے والے پولیو کیسز کی تعداد میں کم از کم 85 فیصد کمی ہوئی اور اگر رواں سال بھی اسی طرح مثبت پیش رفت ہوئی تو ملک کو پولیو سے پاک ملک قرار دیا جا سکتا ہے۔

ملک بھر میں 305 پولیو کیس ریکارڈ ہونے کی وجہ سے 2014 ہیلتھ حکام کیلئے ایک مشکل سال رہا ۔

پولیو ایمرجنسی آپریشن سینٹر –فاٹا کے ایک افسر نے حال ہی میں میڈیا سے گفتگو میں بتایا تھا کہ 2015 میں صرف 16 ہزار بچے ویکسی نیشن سے محروم رہے تھے جبکہ 2014 میں صرف خیبر ایجنسی، شمالی اور جنوبی وزیرستان میں 292000 بچے رسائی نہ ہونے کی وجہ سے پولیو قطروں سے محروم رہے تھے۔

راولپنڈی میں ایک ضلعی ہیلتھ افسر ڈاکٹر ارشاد علی صابر نے اے پی پی کو بتایا کہ نئی مہم میں تمام بچوں کو قطرے پلانے پر خصوصی توجہ دی جائے گی۔

اس حوالے سے عوامی پارکس، ریلوے اسٹیشنز، بس اور ویگن اسٹینڈز، ہوائی اڈوں اور ٹرانسٹ پوائنٹس پر خصوصی کاؤنٹرز قائم کیے گئے ہیں تاکہ کوئی بچہ بھی پولیو قطروں سے محروم نہ رہے۔

کراچی میں خصوصی سیکیورٹی انتظامات

سندھ کےانسپکٹر جنرل پولیس غلام حیدر جمالی نے کراچی میں پولیو ٹیموں کو جامع سیکیورٹی فراہم کرنے کی ہدایات جاری کی ہیں۔

انہوں نے حساس یونین کونسلوں میں کام کرنے والی پولیو ٹیموں کے ساتھ پولیس کمانڈوز تعینات کرنے کا حکم دیا ہے۔

اے آئی جی آپریشنز سندھ غیاث الدین راشدی کے ایک جامع رپورٹ میں بتایا گیا کہ مختلف سینٹرز سے تقریباً 5000 اضافی پولیس اہلکار شہر میں موجود پولیس فورس کے ساتھ مہم کے دوران ذمہ داریاں ادا کریں گے۔

کراچی پولیس نے تین روزہ مہم کیلئے 7000 اہلکاروں، 410 گاڑیوں اور 240 موٹر سائیکل فراہم کر دیے ہیں۔ اے پی پی/ امتیاز علی


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں