نیویارک: امریکی سیکریٹری دفاع ایشٹن کارٹر کا کہنا ہے کہ پاکستان اور ہندوستان امریکا کے دوست اور شراکت دار ہیں اور اس کی نظر میں پاک۔ہند میں کوئی تفریق نہیں ہے۔

ہندوستان کے 3روزہ دورے کے دوران کونسل آف فارن ریلیشنز میں اظہارِ خیال کرتے ہوئے ایشٹن کارٹر نے کہا، 'امریکا کے پاس تمام مسائل کے حوالے سے ہندوستان کے لیے 'ایک مکمل عالمی ایجنڈا'موجود ہے جبکہ پاکستان کے ساتھ تعلقات دہشت گردی اور افغانستان کے مسائل سے متعلق ہیں.

انھوں نے اس بات کا اعادہ کیا کہ 'امریکی پالیسی کے نقطہ نظر سے پہلی اہم چیز یہ ہے کہ یہ دونوں (پاکستان اور ہندوستان) قابل احترام شراکت دار اور دوست ہیں. دونوں کے حالات نہایت مختلف ہیں، وہ دن گئے جب ہم ہندوستان کو پاکستانی سکے کے دوسرے رخ یا پاکستان کو ہندوستانی سکے کے دوسرے رخ کے طور پر دیکھا کرتے تھے. میں جانتا ہوں کہ ابھی بھی ہندوستان اور پاکستان میں ایسے لوگ موجود ہیں جو یہ سوچ رکھتے ہیں لیکن امریکا کافی عرصہ قبل اس سوچ کو پیچھے چھوڑ چکا ہے'.

ان کا مزید کہنا تھا کہ 'پاکستان ہمارا ایک اہم سیکیورٹی پارٹنر ہے، ہمارے بہت سے مسائل ہیں جن میں سے ایک انسداد دہشت گردی ہے اور ہم اس حوالے سے پاکستانیوں کے ساتھ کام کر رہے ہیں.'

دوسری جانب واشنگٹن میں نمائندہ ڈان اخبار انور اقبال کے مطابق ایک امریکی ملٹری نیوزپیپر 'اسٹارز اینڈ اسٹرائپس' نے رپورٹ کیا ہے کہ سیکریٹری دفاع ایشٹن کارٹر ہندوستان اور فلپائن کا دورہ کریں گے جہاں خطے میں نئے امریکی بیس اور دونوں ملکوں میں دفاعی سرمایہ کاری کے معاملات پر بات چیت کی جائے گی.

رپورٹ کے مطابق ایشٹن کارٹر ہندوستان میں ایئرکرافٹ کیریئرز اور جیٹ انجن ٹیکنالوجیز کے حوالے سے نئی عسکری سرمایہ کاری کا بھی اعلان کرسکتے ہیں.

رپورٹ کے مطابق ایشٹن کارٹر کا کہنا تھا کہ وہ ایئرکراف کیریئر اور جیٹ فائٹر انجن جیسے بڑے عسکری منصوبوں کے حوالے سے وزیراعظم نریندر مودی اور وزیر دفاع سے بھی بات چیت کریں گے.

ان کا کہنا تھا کہ یہاں بہت صلاحیت ہے، یہی وجہ ہے کہ ہم کسی بھی موقع کو ہاتھ سے جانے نہیں دے رہے'.

یہ خبر 11 اپریل 2016 کو ڈان اخبار میں شائع ہوئی۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں