جدہ: سعودی بن لادن کمپنی نے اپنے غیر ملکی ملازمین کی ایک ماہ کی تننخواہوں کی مد میں 10 کروڑ سعودی ریال رقم 7 مختلف بینکوں کے ذریعے جاری کردیئے ہیں۔

سعودی گزیٹ نامی خبر رساں ادارے نے ایک مقامی اخبار الوطن کے حوالے سے اپنی ایک رپورٹ میں کہا کہ مذکورہ رقم گروپ کے غیر ملکی اور سعودی ملازمین کیلئے جاری کی گئی ہے۔

ذرائع کا کہنا تھا کہ سعودی گروپ کے بیشتر ملازمین اپنی گذشتہ کی 5 ماہ کی تنخواہوں کے منتظر ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ بن لادن کمپنی نے مذکورہ رقم ان ملازمین کیلئے جاری کی ہیں جن کی تنخواہیں 4000 سعودی ریال یا اس سے کم ہیں۔

ذرائع کے مطابق گروپ نے 80,000 غیر ملکیوں کو اخراج کا ویزا جاری کردیا ہے تاہم جاری کی جانے والی تنخوا دیگر 35,000 ملازمین کیلئے ہے۔

تاہم دیگر ملازمین کو بھی جلد اخراج کا ویزا جاری کیے جانے کا امکان ہے اور ان سے وعدہ کیا گیا ہے کہ ان کے بقایاجات 20 جون تک ادا کردیئے جائیں گے۔

مزید پڑھیں: مکہ:تنخواہیں نہ ملنے پر مزدوروں نے9 بسیں جلادیں

ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ گروپ کے سعودی ملازمین کو جن کی تنخواہیں 5000 سعودی ریال ہیں وہ گروپ کے معاشی حالات ماہِ رمضان المبارک سے قبل بہتر ہونے کا انتظار کررہے ہیں۔

گروپ کے سعودی ملازمین نے اپنے معاشی حالات کی ابتری کا دعویٰ کرتے ہوئے کہا ہے کہ ان کو جنوری سے تنخواہیں جاری نہیں کی گئیں ہیں۔

ان کا مزید کہنا تھا کہ گروپ نے 177 سعودی ملازمین کو بغیر کسی اطلاع کے 15 دن کی غیر حاضری پر لیبر قوانین کے تحت نوکریوں سے نکال دیا ہے۔

واضح رہے کہ گذشتہ ماہ میڈیا میں آنے والی رپورٹ میں کہا گیا تھا کہ گذشتہ 5 ماہ سے تنخواہوں میں تاخیر کی وجہ سے گروپ کے ملازمین نے احتجاج کرتے ہوئے کمپنی کی 9 بسوں کو آگ لگادی تھی۔

احتجاج کرنے والے مزدوروں میں اکثریت بیرون ملک سے آنے والے افراد کی تھی، جو ملازمت ختم ہونے اور تنخواہوں کی عدم ادائیگی کے باعث شدید مشکل کا شکار تھے۔

سعودی عرب کے اس بڑے تعمیراتی گروپ میں صرف 25 فیصد مقامی افراد کام کرتے ہیں جبکہ 75 فیصد بیرونی ممالک کے افراد یہاں خدمات انجام دے رہے ہیں۔

خیال رہے کہ بن لادن گروپ کے سعودی شاہی خاندان سے انتہائی قریبی تعلقات ہیں۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں