اسلام آباد: مریم نواز شریف کا کہنا ہے کہ وزیراعظم نواز شریف کا لندن میں آپریشن کامیاب رہا ہے اور ان کی رمضان کے اختتام سے قبل وطن واپسی کا امکان ہے۔

ڈان نیوز کے پروگرام 'بول بول پاکستان' میں میزبان نصرت جاوید سے ٹیلی فون کے ذریعے خصوصی بات چیت کرتے ہوئے مریم نواز شریف کا کہنا تھا کہ وزیراعظم بہت بہتر ہے، آج وہ اٹھ کر بیٹھے تھے۔

ایک سوال کے جواب میں مریم نواز کا کہنا تھا کہ ڈاکڑز انھیں 5 سے 6 روز میں گھر جانے کی اجازت دے دیں گے جس کے بعد نواز شریف کو ایک ہفتے میں گھر منتقل کردیا جائے گا۔

مریم نواز شریف نے بتایا کہ آپریشن سے قبل وزیراعظم کے دل کی 3 شریانیں بند تھیں۔

ان کا کہنا تھا کہ اس کے باوجود وہ ملک میں جلسوں سے خطاب کررہے تھے تاہم ان کی آواز اس دوران بیٹھ جایا کرتی تھی۔

مزید پڑھیں: نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری

ایک اور سوال کے جواب انھوں نے مخالفین کی جانب سے کی جانے والی تنقید کو مسترد کرتے ہوئے بتایا کہ وزیراعظم کے لندن میں ہونے والے ٹیسٹ سے قبل ان کے خاندان کو ان کی صحت کی اس قدر بگڑتی ہوئی صورت حال کے حوالے سے کچھ بھی معلوم نہیں تھا۔

اس سے قبل وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ سرجن ان کے والد کی ریکوری کے حوالے سے مطمئن ہیں، اور امکان ہے کہ انھیں مزید 24 گھنٹے تک آئی سی یو میں رکھا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا ڈاکڑوں کی جانب سے انھیں جلد کمرے میں چہل قدمی کی اجازت دیئے جانے کا امکان ہے۔

مریم نواز نے اپنے ٹوئٹ میں کہا تھا کہ ڈاکٹروں نے ان کے سینے سے دو ڈرین ٹیوب ہٹا دی ہیں جس کے باعث وزیراعظم تکلیف کا شکار تھے۔

انھوں نے یہ بھی بتایا کہ آپریشن کے بعد پہلی مرتبہ وزیراعظم نے ان سے فون پر بات بھی کی۔

گذشتہ روز برطانیہ کے دارالحکومت لندن کے ہسپتال میں پاکستان کے وزیراعظم نواز شریف کی کامیاب اوپن ہارٹ سرجری ہوئی تھی اور انھیں آپریشن کے بعد آئی سی یو منتقل کر دیا گیا تھا۔

وزیراعظم نواز شریف کی صاحبزادی مریم نواز نے ٹوئٹر پر ایک پیغام میں کہا تھا کہ وزیر اعظم کی طبیعت بہتر ہے، ان کو آئی سی یو منتقل کر دیا گیا۔

یہ بھی پڑھیں: آپریشن سے قبل نواز شریف کا مودی کو فون

آپریشن کے بعد میڈیا سے گفتگو میں وزیر اعظم نواز شریف کے بھائی اور پنجاب کے وزیر اعلیٰ شہباز شریف نے کہا تھا کہ نواز شریف کے دل کا آپریشن کامیاب رہا، ان کے 4 بائی پاس ہوئے۔

وزیر اعظم کے صاحبزادے حسین نواز نے بھی میڈیا سے گفتگو ان کے کامیاب آپریشن کے حوالے سے بتایا۔

قبل ازیں مریم نواز شریف نے اپنے ٹوئٹر پیغام میں کہا تھا کہ 'اللہ رب العزت کی مہربانی سے وزیراعظم کا آپریشن کامیاب ہوگیا ہے اور انھیں آئی سی یو منتقل کردیا جائے گا۔'

ڈان نیوز کے مطابق آپریشن سے قبل وزیراعظم اپنی صحت کے حوالے سے پرعزم اور ہشاش بشاش دکھائی دیئے اور وزیراعظم نے والدہ سے ٹیلی فون پر بات چیت کی اور اپنی صحت سے متعلق آگاہ کیا۔

وزیراعظم کے آپریشن کے لیے امریکا سے دو ماہر امراض قلب کو لندن بلایا گیا تھا، جبکہ ان کی وطن واپسی کا فیصلہ ڈاکٹروں کی مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔

وزیراعظم کی آپریشن کے بعد لی گئی تصویر — فوٹو بشکریہ مریم نواز ٹوئٹ.
وزیراعظم کی آپریشن کے بعد لی گئی تصویر — فوٹو بشکریہ مریم نواز ٹوئٹ.

آپریشن سے قبل ملک بھر میں وزیر اعظم نواز شریف کے آپریشن اور صحت یابی کی دعائیں کی گئیں، اس سلسلے میں مختلف عبادت گاہوں میں خصوصی دعائیہ تقریبات کا انعقاد کیا گیا، جبکہ اسکولوں میں بھی بچوں نے وزیراعظم نواز شریف کی صحت یابی کے لیے دعا کی۔

ریڈیو پاکستان کی رپورٹ کے مطابق عالمی رہنماؤں نے بھی وزیر اعظم نواز شریف کے کامیاب آپریشن اور جلد صحت یابی کی دعا کی, ان رہنماؤں میں روس کے صدر ولادی میر پیوٹن، افغانستان کے صدر اشرف غنی، تاجکستان کے صدر امام علی رحمانوف اور برطانوی وزیرخارجہ فلپ ہیمنڈ شامل ہیں۔

مزید پڑھیں: 'وزیراعظم کی منگل کو اوپن ہارٹ سرجری ہوگی'

دو روز قبل وزیر اعظم نے دل کے آپریشن سے قبل ہندوستانی ہم منصب نریندر مودی کو ٹیلی فون کیا اور جلد صحت یابی کے لیے دعاؤں پر ان کا شکریہ ادا کیا۔

قبل ازیں وزیر اعظم نواز شریف نے لندن میں پاکستانی ہائی کمیشن سے قومی اقتصادی کونسل کے اجلاس کی ویڈو لنک کے ذریعے صدارت کی اور وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار کی جانب سے پیش کی گئیں بجٹ تجاویز کی منظوری بھی دی۔

ڈان اخبار کی رپورٹ کے مطابق کابینہ کے اجلاس میں 1400ارب روپے سے زائد کے بجٹ کی منظوری دی گئی.


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

تبصرے (0) بند ہیں