امریکی اداکار اینٹون یلچن کار تلے دب کر ہلاک

اپ ڈیٹ 20 جون 2016
امریکی اداکاراینٹون یلچن 27 سال کی عمر میں انتقال کرگئے — فائل فوٹو/ اے ایف پی
امریکی اداکاراینٹون یلچن 27 سال کی عمر میں انتقال کرگئے — فائل فوٹو/ اے ایف پی

لاس اینجلس: مشہور فلم سیریز ’اسٹار ٹریک‘ سے نام کمانے والے روسی نژاد امریکی اداکار اینٹون یلچن اپنی ہی گاڑی تلے دب کر ہلاک ہوگئے۔

اینٹون یلچن نے اپنی کامیاب سیریز میں ’چیکوو‘ کا کردار ادا کیا تھا۔

روسی خبررساں ادارے آر ٹی کے مطابق اینٹون کے گھر میں ہی کھڑی ان کی گاڑی ڈھلوان سطح پر پیچھے کی جانب چلتے ہوئے انھیں ساتھ گھسیٹ کر لے گئی اور وہ گاڑی اور حفاظتی باڑ اور اینٹوں سے بنے پوسٹ باکس کے درمیان دب گئے۔

اینٹون کی تیسری فلم ’اسٹار ٹریک بیونڈ‘ آئندہ ماہ ریلیز ہونی ہے۔

رپورٹس کے مطابق اداکار اپنے دوستوں سے ملنے جارہے تھے کہ یہ حادثہ پیش آیا، اداکار کے وہاں نہ پہنچنے پر ان کے دوست ان کے گھر پہنچے اور وہاں اینٹون کو مردہ حالت میں پایا۔

27 سالہ اداکار کی فلم سیریز ’اسٹار ٹریک‘ کے آفیشل ٹوئٹر اکاؤنٹ پر ان کے اچانک ہلاک ہونے پر ایک پیغام کے ذریعے دکھ کا اظہار کیا گیا۔

امریکی اداکار اور فلم پروڈیوسر زیچری کوئنٹو کا اینٹون یلچن کو یاد کرتے ہوئے کہنا تھا ’اینٹون یلچن میرے عزیز دوستوں میں سے ایک تھے‘۔

امریکی اداکار ہانک کا کہنا تھا ’اینٹون یلچن کی موت کی خبر سن کر کافی دکھ ہوا، وہ ایک بہت ہی اچھا بچہ تھا، اس موقع پر میری دعائیں ان کے خاندان والوں کے ساتھ ہیں‘۔


آپ موبائل فون صارف ہیں؟ تو باخبر رہنے کیلئے ڈان نیوز کی فری انڈرائیڈ ایپ ڈاؤن لوڈ کریں۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں