آسام: ہندوستان میں 70 ویں یوم آزادی کے موقع پر شمال مشرقی ریاست آسام یکے بعد دیگرے ہونے والے 4 بم دھماکوں سے گونج اٹھی۔

دی ٹیلی گراف کلکتہ کی رپورٹ کے مطابق ریاست آسام کے ضلع تنسوکیا کے مختلف علاقوں میں صبح سویرے 4 ہلکی نوعیت کے دھماکے ہوئے۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان،گلگت اورآزاد کشمیر کے لوگوں نے ہماراشکریہ ادا کیا، مودی

پولیس کا کہنا ہے کہ یہ دھماکے دیسی ساختہ بموں کے ذریعے کیے گئے جنہیں مخلتف مقامات پر چھپایا گیا تھا اور اس کے پیچھے علیحدگی پسند تنظیم یونائیٹڈ لبریشن فرنٹ آف آسام (یو ایل ایف اے) کا ہاتھ ہے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ ان دھماکوں سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا، پہلا دھماکا لائی پولی میں اندرا گاندھی اسکول کے باہر صبح 7 بجکر 15 منٹ پر ہوا۔

دوسرا اور تیسرا دھماکا ڈوم ڈوما کے علاقے میں ہوا جبکہ چوتھا دھماکا گامتو ماتی کے علاقے میں سنائی دیا جہاں 12 اگست کی رات کو بھی یو ایل ایف اے کے کارکنوں نے دو افراد کو قتل اور چھ کو زخمی کردیا تھا۔

واضح رہے کہ یو ایل ایف اےآزاد ریاست کا قیام چاہتی ہے اور وہ 1990 سے علیحدگی کی تحریک چلارہی ہے جبکہ ہندوستان نے اسے دہشتگرد تنظیم قرار دے کر اس پر پابندی عائد کررکھی ہے۔


ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں