اگرچہ گوگل کی نئی ویڈیو چیٹنگ ایپ ڈو او کو ریلیز ہوئے ابھی ایک ہفتہ بھی نہیں ہوا مگر اس نے لگتا ہے کہ کامیابی میں سب ایپس کو پیچھے چھوڑ دیا ہے۔

گوگل کی جانب سے گزشتہ دنوں اس ایپ کو متعارف کرایا گیا تھا اور اب یہ گوگل پلے اسٹور پر سب سے زیادہ ڈاﺅن لوڈ ہونے والی مفت ایپ بن چکی ہے۔

اگر آپ گوگل پلے اپنی اینڈرائیڈ ڈیوائس پر اوپن کریں تو ٹاپ فری سیکشن میں آپ گوگل ڈیو نمبرون ایپ کی شکل میں موجود ہے (پاکستان سے ہٹ کر دیگر ممالک میں)، جس کے بعد فیس بک میسنجر اور پوکیمون گو کا نمبر آتا ہے۔

فیس بک، اسنیپ چیٹ اور یوٹیوب بالترتیب چوتھے، پانچویں اور چھٹے نمبر پر ہیں۔

ویڈیو چیٹ کے حوالے سے اسکائپ، اسنیپ چیٹ اور فیس بک میسنجر گوگل کی اس نئی ایپ کی اصل مخالف ہیں اور لگتا ہے کہ اینڈرائیڈ صارفین کو ڈو او کسی حد تک پسند آگئی ہے۔

اس ایپ کی ریلیز سے قبل لگ رہا تھا کہ واٹس ایپ، فیس بک میسنجر اور دیگر کے مقابلے میں اس کی کامیابی کا امکان بہت کم ہے تاہم اینڈرائیڈ کی حد تک یہ ضرور ہٹ ہوچکی ہے۔

اس ایپ کا ایک فیچر دیگر کے مقابلے میں بالکل نیا اور بہترین قرار دیا جاسکتا ہے جسے 'ناک ناک' کا نام دیا گیا ہے۔

یہ فیچر فی الحال اینڈرائیڈ صارفین کے لیے ہے جس میں جب کوئی کال آتی ہے تو آپ کو کال کرنے والے فرد کی لائیو ویڈیو فون کی پوری اسکرین پر نظر آنے لگتی ہے تاکہ پتا چل سکے کہ کوئی کال کررہا ہے، پھر اگر دل کرے تو اسے اٹھالیں یا رہنے دیں۔

گوگل کے مطابق اگر خراب انٹرنیٹ کے باعث ویڈیو رک بھی گئی تو بھی آڈیو سسٹم کام کرے رہے گا تاکہ رابطہ ٹوٹ نہ سکے۔

خیال رہے کہ مئی میں اپنی سالانہ آئی او ڈویلپر کانفرنس کے دوران گوگل نے اسے متعارف کرانے کا اعلان کیا تھا اور اسے توقع ہے کہ وہ دیگر ویڈیو چیٹنگ ایپس کو پیچھے چھوڑنے میں کامیاب ہوجائے گا۔

تبصرے (0) بند ہیں