نئے اسلامی سال 1438 کا آغاز ہو گیا

02 اکتوبر 2016
محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا— فائل فوٹو
محرم الحرام کا چاند دیکھنے کیلئے رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں ہوا— فائل فوٹو

کراچی : محرم الحرام کا چاند نظر آگیا، جس کے بعد نئے اسلامی سال 1438 ہجری کا آغاز ہوگیا۔

نئے اسلامی سال کے پہلے مہنے محرم الحرام کا چاند دیکھنے کے لیے مرکزی رویت ہلال کمیٹی کا اجلاس کراچی میں محکمہ موسمیات کے دفتر میں ہوا، جس کی صدارت کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمن نے کی۔

شہادتوں کی روشنی میں چاند نظر آنے کا باقاعدہ اعلان رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ مفتی منیب الرحمٰن نے کیا۔ مفتی منیب الرحمٰن کا کہنا تھا کہ یکم محرم الحرام 3 اکتوبر کو ہوگی۔

رویت ہلال کمیٹی کے سربراہ کا مزید کہنا تھا کہ نئے اسلامی سال کے پہلے روز یعنی یکم محرم الحرام (2اکتوبر) کو حضرت عمر فاروق ؓ کا یوم شہادت ہے جبکہ حضرت امام حسین ؓ اور اہلبیت کا یوم شہادت یعنی یوم عاشور 10 محرم الحرام (12 اکتوبر 2016) کو بروز بدھ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں : محرم کی سبیلیں، ایک دم توڑتی روایت

محرم الحرام کا چاند نظر آتے ہی ملک بھر میں مجالس کا آغاز ہو جاتا ہے، جس میں صحابہ کرام ؓ کی سیرت پر روشنی ڈالی جاتی ہے۔

دوسری جانب خیبر پختونخوا میں یکم محرم الحرام پر خلیفہ دوئم حضرت عمر فاروقؓ کے یوم شہادت پر عام تعطیل کی جا رہی ہے۔

خیال رہے کہ محرم الحرام میں ملک بھر میں سیکیورٹی کے سخت انتظامات کیے گئے ہیں۔

ملک بھرمیں امام بارگاہوں اور مجالس کی سیکیورٹی کے لیے اضافی اہلکار تعینات کیے جاتے ہیں۔

کراچی میں 8، 9 اور 10 محرم الحرام کو ڈبل سواری پر پابندی عائد کی جا چکی ہے۔

راولپنڈی میں محرم الحرام کے دوران 10 کمپنیاں آرمی اور 10 کمپنیاں رینجرز کی تعینات کی جائیں گی۔

پشاورمیں ماتمی جلوسوں کی نگرانی کے لیے 100 سے زائد کیمرے نصب کیے گئے ہیں۔

لاہور میں بھی سیکیورٹی کے لیے مجالس اور امام بارگاہوں پر اضافی نفری تعینات کی جائے گی۔

کوئٹہ میں پولیس کے ساتھ ساتھ فرنٹیئر کور (ایف سی) کے اہلکار بھی سیکیورٹی کی خدمات انجام دیں گے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں