کوئٹہ: صوبہ بلوچستان کے دارالحکومت کوئٹہ میں نامعلوم افراد کی فائرنگ سے فرنٹیئر کورپس (ایف سی) کے 3 اہلکار جاں بحق ہوگئے۔

پولیس ذرائع کے مطابق کوئٹہ کے سبزل روڈ پر مسلح افراد نے ایف سی اہلکاروں پر فائرنگ کردی اور جائے وقوع سے فرار ہوگئے۔

فائرنگ کے نتیجے میں 2 اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے، جبکہ تیسرے اہلکار نے ہسپتال جاتے ہوئے راستے میں دم توڑ دیا۔

ہلاک اہلکاروں کی لاشوں کو قریبی ہسپتال منتقل کردیا گیا۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: فائرنگ کے مختلف واقعات میں 3 سیکیورٹی اہلکار ہلاک

فائرنگ کے واقعے کے بعد پولیس اور ایف سی کی بھاری نفری جائے وقوع پر پہنچ گئی اور شواہد اکٹھے کرکے تفتیش کا آغاز کردیا گیا۔

دوسری جانب واقعے کی ذمہ داری کسی کی جانب سے قبول نہیں کی گئی۔

واضح رہے کہ بلوچستان میں متعدد کالعدم گروپ اور علیحدگی پسند بلوچ تنظیمیں فورسز کے خلاف مسلح کارروائیوں میں مصروف ہیں، ان کارروائیوں میں سیکڑوں لیویز، ایف سی اور پولیس اہلکار ہلاک ہوچکے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بلوچستان میں فائرنگ سے 5 افراد ہلاک

صوبے کی انتظامیہ نے ان دہشت گرد گروپوں کے خلاف آپریشنز اور کارروائیوں کا آغاز کررکھا ہے جس کے نتیجے میں سیکڑوں کی تعداد میں دہشت گردوں کو ہلاک اور گرفتار کرنے کا دعویٰ کیا جاچکا ہے۔

یہ بھی یاد رہے کہ صوبائی انتظامیہ نے متعدد مرتبہ اس بات کا دعویٰ کیا ہے کہ بلوچستان میں ہونے والی دہشت گردی کی کارروائیوں کے پیچھے ہندوستان کی خفیہ ایجنسی 'را' ملوث ہے۔

گذشتہ ماہ 5 ستمبر کو بلوچستان کے ضلع مستونگ میں 2 مختلف واقعات میں مسلح دہشت گردوں کی فائرنگ سے 3 سیکیورٹی اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

اس سے قبل رواں برس 26 اگست کو کوئٹہ کے سریاب روڈ پر دہشت گردوں کے حملے میں ایک سیکیورٹی اہلکار سمیت 2 افراد ہلاک ہوگئے تھے۔

مزید پڑھیں: بلوچستان: فورسز کے قافلے پر حملہ، 6 اہلکار ہلاک

اس سے ایک روز قبل 25 اگست کو بھی ضلع گوادر میں نامعلوم مسلح دہشت گردوں کے حملے میں 7 لیویز اہلکار ہلاک ہوگئے تھے۔

29 جون 2016 کو بھی کوئٹہ کے علاقے ڈبل روڈ پر ایف سی کی گاڑی پر فائرنگ کی گئی، جس کے نتیجے میں 3 اہلکار موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے جبکہ ایف سی کا چوتھا اہلکار بعدازاں ہسپتال میں دم توڑ گیا۔

اس سے قبل 28 جون 2016 کی شام کوئٹہ کے علاقے سریاب روڈ میں 2 مختلف حملوں میں پولیس کے 4 اہلکار جاں بحق ہوئے تھے۔

تبصرے (0) بند ہیں