بھارت: ہسپتال میں آتشزدگی سے 22 افراد ہلاک

18 اکتوبر 2016
ہسپتال میں آگ لگنے کا منظر — فوٹو: بشکریہ اے این آئی ٹوئٹر
ہسپتال میں آگ لگنے کا منظر — فوٹو: بشکریہ اے این آئی ٹوئٹر

بھارتی ریاست اڑیسہ کے شہر بھوبنیشور کے ہسپتال میں خوفناک آتشزدگی کے نتیجے میں 22 افراد ہلاک اور متعدد زخمی ہوگئے۔

ٹائمز آف انڈیا کی رپورٹ کے مطابق آگ شہر کے معروف نجی ہیلتھ کیئر انسٹیٹیوٹ سَم ہسپتال میں لگی۔

ضلع کُھردا کے کلیکٹر نِرنجن ساہو کا میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہنا تھا کہ آتشزدگی کے واقعے میں ہلاک ہونے والوں کی لاشوں کو سرکاری و نجی ہسپتال منتقل کیا گیا۔

رپورٹ میں فائر سروسز کے ذرائع کا حوالہ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ آگ مقامی وقت کے مطابق رات ساڑھے 7 بجے ہسپتال کے ڈائیلسس وارڈ میں لگی۔

آتشزدگی کے وقت ڈائیلسس وارڈ میں 7 جبکہ قریبی انتہائی نگہداشت کے یونٹ (آئی سی یو) میں 11 مریض تشویشناک حالت میں موجود تھے۔

یہ بھی پڑھیں: ہندوستان: مندر میں آتشزدگی سے 110 افراد ہلاک

ریاستی سیکریٹری ہیلتھ آرتی آہوجا کا کہنا تھا کہ مریضوں کی ہلاکتیں اس وقت ہوئیں جب انہیں دوسرے ہسپتالوں میں منتقل کیا جارہا تھا، تاہم واقعے کی تحقیقات کا آغاز کردیا گیا ہے۔

فائر سروسز کے ڈی جی پی بینوئے بیہیرا نے کہا کہ آتشزدگی کی اصل وجہ تحقیقات کے بعد ہی معلوم ہوگی، تاہم بظاہر ایسا معلوم ہوتا ہے کہ آگ ہسپتال کے ڈائیلسس وارڈ میں شارٹ سرکٹ کے باعث لگی۔

آگ بجھانے کے لیے 10 سے زائد فائر ٹینڈرز کو طلب کیا گیا۔

مزید پڑھیں: ہندوستان: ہوٹل میں آتشزدگی، 10 افراد زندہ جل گئے

ایک فائر سروس افسر کا کہنا تھا کہ آگ انتہائی شدید تھی جو دیکھتے ہی دیکھتے آئی سی یو تک پھیل گئی، جبکہ ہسپتال میں مریضوں کی موجودگی کے باعث آگ بجھانے کے لیے ہر طریقہ اختیار نہیں کیا جاسکتا تھا۔

بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے واقعے میں ہونے والے جانی نقصان پر افسوس ہلاک ہونے والوں کے لواحقین سے ہمدردی کا اظہار کیا۔

واضح رہے کہ رواں سال اپریل میں بھارت کی ریاست کیرالا کے ایک مندر میں بھی خوفناک آتشزدگی کا واقعہ پیش آیا تھا، جس کے نتیجے میں 110 افراد ہلاک اور 350 سے زائد زخمی ہوئے تھے۔

گزشتہ سال جون میں ریاست اتر پردیش کے ڈویژن الہ آباد کے قریب ڈسٹرکٹ پرتاب گڑھ کے ایک ہوٹل میں آتشزدگی کے نتیجے میں 10 افراد زندہ جل گئے تھے۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں