'سینما مالکان کا سیاست میں حصہ لینا ان کی لاپروائی'

20 دسمبر 2016
ہدایت کار مہیش بھٹ پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں لگائی جانےوالی پابندی کے خلاف ہیں— فائل فوٹو
ہدایت کار مہیش بھٹ پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں لگائی جانےوالی پابندی کے خلاف ہیں— فائل فوٹو

اس بات سے کوئی انکار نہیں کیا جاسکتا کہ جتنا پاکستانی اداکار بولی ووڈ انڈسٹری میں کام کرنے میں دلچسپی لیتے ہیں بھارتی ہدایت کار بھی پاکستانی ٹیلنٹ کے اتنے ہی دلدادہ ہیں اور اس کی ایک واضح مثال مہیش بھٹ ہیں۔

بھارتی ویب سائٹ مڈ ڈے کو دیئے جانے والے انٹرویو میں بھارت کے مشہور ہدایت کار نے پاکستانی سینما گھروں کی جانب سے انڈین فلمز نہ دکھانے کے فیصلے پر اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ایسا کرنا پاکستانی فلم فیڈریشن کی تنگ نظری ہے۔

مہیش بھٹ کا کہنا تھا کہ سینما مالکان کا سیاست میں حصہ لینا ان کی لاپروائی ہے، بھارتی فلموں پر پابندی عائد کرنے کی وجہ سے ان کے اپنے تھیٹر بند ہوچکےہیں۔

یہ بھی پڑھیں: بھارتی فلموں کی نمائش کا دوبارہ آغاز

ہدایت کار کا مزید کہنا تھا کہ پاکستانی سینما انڈسٹری میں بھارتی فلموں کے حصے کی وجہ سے پاکستانی انڈسٹری بہتر ہوئی اور ان کے کاروبار میں اضافہ ہوا، اس بات سے انکار نہیں کیا جاسکتا کہ دونوں ممالک مشترکہ تہذیب اور جذبات سے جڑے ہوئے ہیں۔

ہدایت کار مہیش بھٹ بھی کئی بھارتی اداکاروں کی طرح پاکستانی فنکاروں پر بھارت میں لگائی جانےوالی پابندی کے خلاف ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ پابندی ہٹائے جانے کے خیال کو سیاسی جماعتوں کا عذاب پرداشت کرنا پڑے گا اور حکومت کو چاہیئے کہ وہ اس معاملے کا کوئی اور حل نکالے.

واضح رہے کہ پاکستانی سینما گھروں میں بھارتی فلموں پر عائد پابندی ہٹانے کے فیصلے پر پریانکا چوپڑا، کاجول اور انیل کپور کی جانب کافی خوشی کا اظہار کیا گیا۔

پریانکا کا کہنا تھا کہ ’ان کا ہمیشہ یہ ماننا رہا ہے کہ فن کو دنیا بھر میں جانا چاہیئے اور میں اس فیصلے پر کافی خوش ہوں‘۔

دوسری جانب اداکارہ کاجول کا اس حوالے سے کہنا تھا کہ جہاں کہیں سے فلم انڈسٹری کو مثبت اشارہ ملے اچھا ہے۔

مزید پڑھیں: پاکستانی سینما میں بولی وڈ فلموں پر پابندی

فواد خان کے پرستار سمجھے جانے والے انیل کپور نے بھی اس فیصلے کو خوش آئند قرار دیتے ہوئے اس پر خوشی کا اظہار کیا تھا۔

واضح رہے کہ پاکستانی سینما گھروں کے مالکان نے اڑی حملے کے بعد پاکستان اور بھارت کے درمیان کشیدگی عروج پر پہنچنے کے باعث ستمبر میں بولی وڈ فلموں کی نمائش پر پابندی عائد کردی تھی، جسے اب اٹھانے کا فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

سینما مالکان کی انڈین فلموں پر پابندی کا فیصلہ، انڈین موشن پکچر پروڈیوسرز ایسوسی ایشن کی طرف سے پاکستان فنکاروں، گلوکاروں اور ٹیکنیشنز پر بھارت میں کام کرنے پر پابندی عائد کیے جانے کے بعد کیا گیا تھا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں