'آج تک یقین نہیں آرہا کہ رئیس میں کاسٹ ہوں'

24 جنوری 2017
ماہرہ خان کو بولی وڈ  میں اپنے ڈرامے 'ہمسفر' سے مقبولیت ملی — فوٹو/ فائل
ماہرہ خان کو بولی وڈ میں اپنے ڈرامے 'ہمسفر' سے مقبولیت ملی — فوٹو/ فائل

ماہرہ خان نے گزشتہ انٹرویوز میں اپنی بولی وڈ ڈیبیو فلم 'رئیس' کی تشہیر سے دور رہنے پر مایوسی کا اظہار کیا تھا، تاہم آخر کار انہوں نے دبئی میں اپنی فلم کی پروموشن کا آغاز کردیا ہے۔

خلیج ٹائمز کی ایک رپورٹ کے مطابق جس ہوٹل میں ماہرہ خان ٹھہری ہیں، شاہ رخ خان بھی وہاں موجود ہیں، تاہم یہ دونوں فلم کی الگ الگ پروموشنز کرتے نظر آئیں گے۔

ماہرہ خان نے فلم 'رئیس' کے حوالے سے خلیج ٹائمز کو انٹرویو بھی دیا۔

'ہمسفر' سے مقبولیت حاصل کرنے والی اداکارہ کا کہنا تھا کہ 'جب مجھے رئیس کے لیے پہلی کال آئی، مجھے سمجھ نہیں آرہا تھا کہ کس طرح برتاؤ کروں، کیوں کہ یہ سب بہت اچانک ہوا، میں بولی وڈ میں کسی کو نہیں جانتی تھی، نہ ہی میں کبھی کسی سے ملی اور نہ ہی اپنا پورٹ فولیو دیا، کسی نے میرا کام دیکھا، مجھے آڈیشن کے لیے بلایا اور یہ سب ایک ہفتے کے دوران ہوا، مجھے آج بھی یقین نہیں آتا کہ میں اس فلم میں کاسٹ ہوں'۔

ماہرہ کے مطابق انہوں نے شاہ رخ خان سے بہت کچھ سیکھا، 'میں بہت شکر گزار ہوں کہ مجھے شاہ رخ خان کے ساتھ کام کرنے کا موقع ملا، وہ بہت بڑے اسٹار ہیں اور بہت محنتی ہیں، میں نے سیکھا ہے کہ آپ جتنے کامیاب ہوجائیں آپ کو اس سے زیادہ محنت کرنی پڑتی ہے'۔

فلم میں اپنے کردار کے حوالے سے ماہرہ خان نے بتایا، 'میرا کردار ایک مضبوط عورت کا ہے، جو رئیس سے پیار کرنے کے ساتھ اس کی ہمت بھی ہے، جو اسے صحیح غلط کے بارے میں سمجھاتی ہے'۔

ماہرہ کے مطابق فلم 'رئیس'میں ان کا اور شاہ رخ کا رومانوی گانا 'ظالما' آخری لمحوں میں شامل کیا گیا، انہوں نے کہا 'ظالما آخری منٹ میں فلم میں شامل کیا گیا، میں خوش ہوں کہ شاہ رخ خان کے ساتھ میرا ایک رومانوی گانا موجود ہے، اس گانے کی شوٹنگ بھی بہت جلدی کی گئی، بہت مزہ آیا، لیکن میرے لیے تھوڑا مشکل تھا کیوں کہ ہمیں اس قسم کے گانوں اور ڈانس کی عادت نہیں ہے'۔

ایک اور انٹرویو میں ماہرہ خان کا اپنے دوسرے گانے 'اُڈی اُڈی جائے' کے حوالے سے کہنا تھا کہ 'اس گانے کی شوٹنگ کے دوران میرے پاؤں کافی زخمی ہوگئے تھے، اس گانے کے لیے میں نے گربا سیکھا، جس میں مجھے کافی محنت کرنی پڑی'۔

انہوں نے مزید کہا کہ 'یہ بہت محنت کا کام ہے، لیکن ایک بار سیکھ لینے کے بعد اس ڈانس کو کرنے میں بےحد مزہ آیا'۔

فلم 'رئیس' دنیا بھر میں رواں سال 25 جنوری کو ریلیز کی جارہی ہے، تاہم پاکستان میں اب تک اس کی ریلیز کا اعلان نہیں کیا گیا۔

تبصرے (0) بند ہیں