پاکستان اسٹاک ایکسچینج (پی ایس ایکس) میں کاروباری ہفتے کا مثبت آغاز دیکھنے میں آیا اور کے ایس ای 100 انڈیکس میں 40.55 پوائنٹس (0.08 فیصد) کا اضافہ ریکارڈ کیا گیا۔

پیر کو پاکستان اسٹاک ایکسچینج میں کاروبار کا آغاز 49 ہزار 915.28 پوائنٹس سے ہوا جو کہ دن گزرنے کے ساتھ ساتھ کئی بار 50 ہزار 318.20 پوائنٹس کی سطح پر پہنچا تاہم دن کا اختتام 49 ہزار 965.63 پوائنٹس پر ہوا۔

کاروبار کے آغاز میں ہی کے ایس ای ہنڈریڈ انڈیکس میں زبردست تیزی دیکھنے میں آئی اور انڈیکس 327 پوائنٹس اضافے کے بعد 50 ہزار پوائنٹس کی سطح عبور کرگیا۔

تاہم دن کے دوسرے حصے میں کاروبار میں مندی دیکھی گئی اور انڈیکس ایک بار پھر 49 ہزار کی سطح پر پہنچ گیا۔

پیر کے روز مجموعی طور پر 14 کروڑ30 لاکھ شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی جس کی مجموعی مالیت 12.74 ارب روپے رہی۔

367 کمپنیوں کے شیئرز کی خرید و فروخت ہوئی جن میں سے 227 کے شیئرز میں اضافہ جبکہ 128 کی قیمتوں میں کمی واقع ہوئی اس کے علاوہ 12 کے شیئرز میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

سب سے زیادہ 3 کروڑ 20 لاکھ شیئرز دوست اسٹیل لمیٹڈ کے خریدے اور فروخت کیے گئے جس کے بعد عائشہ اسٹیل ملز (2 کروڑ 95 لاکھ)، کے الیکٹرک کے (2 کروڑ 8 لاکھ)، پاور سیمینٹ لمیٹڈ کے (ایک کروڑ 76 لاکھ) اور ٹی آر جی پاک لمیٹڈ کے (ایک کروڑ 56 لاکھ) شیئرز کا کاروبار ہوا۔

ضرور پڑھیں

تبصرے (0) بند ہیں